ٹرمپ امریکا کو آمرانہ ریاست میں تبدیل کررہے ہیں، ایمی ایوارڈ یافتہ ہدایتکار راؤل پیک

شائع May 20, 2025
— فائل فوٹو: گوگل
— فائل فوٹو: گوگل

آسکر کے لیے نامزد اور ایمی ایوارڈ یافتہ ہدایت کار راؤل پیک نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کو آمرانہ حکومت میں تبدیل کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق راؤل پیک کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب پیر کے روز کانز فلم فیسٹیول میں جارج آرویل پر بنائی گئی ان کی نئی دستاویزی فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

راؤل پیک، جو کہ معروف سیاہ فام امریکی مصنف جیمز بالڈون پر بنائی گئی فلم ’آئی ایم ناٹ یور نیگرو‘ کے لیے بھی پہچانے جاتے ہیں، نے اس موقع پر کہا کہ تمام نشانیاں موجود ہیں، تمام حقائق سامنے ہیں کہ کس طرح معاشرے کے ہر طبقے پر حملہ ہو رہا ہے۔

نیو یارک میں مقیم ہدایت کار نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ امریکیوں کو جلد ہی احساس ہو جائے گا کہ وہ پہلے ہی ایک آمرانہ نظام میں رہ رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا میں صحافت، انصاف اور سچ پر منظم انداز میں حملے ہو رہے ہیں، حتیٰ کہ جمہوری معاشرے کے بنیادی عناصر بھی نشانے پر ہیں۔

راؤل پیک کے مطابق جارج آرویل نے اپنے ناولوں ’1984‘ اور ’اینیمل فارم‘ میں اسی قسم کے خطرات سے ہمیں خبردار کیا تھا کہ آمریت کیسے جنم لیتی ہے۔

امریکی یونیورسٹیز کا حوالہ دیتے ہوئے، جو وائٹ ہاؤس کی جانب سے حملے کی زد میں آئی ہیں، راؤل پیک نے کہا کہ ہمارے ہاں اب بھی لوگ یہ کہتے ہیں کہ وہ تو صرف میرے پڑوسی کے لیے آئے تھے، میں تو محفوظ ہوں، مگر یہ ہم سب کے ساتھ ہو رہا ہے، یہ ہارورڈ ہے، یہ کولمبیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جارج آرویل اور تاریخ نے ہمیں سکھایا ہے کہ اکثر لوگ یہ سمجھنے میں تاخیر کر دیتے ہیں کہ ان کی آزادی آہستہ آہستہ سلب کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025