سندھ میں ہر 50 کلومیٹر میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشن کے قیام کا منصوبہ

شائع May 20, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کے لیے چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے یہ اعلان چین کے شہر وہو میں چینی آٹوموبائل کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ (سی ایچ جی) کے صدر دفتر کے دورے کے دوران کیا، اس موقع پر سندھ کے وزیر توانائی ناصر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پیر کو محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی کمپنی کے چیئرمین ین تونگیوئے نے وفد کا استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران کمپنی نے سندھ بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے انفرااسٹرکچر نصب کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مخصوص فاصلے پر الیکٹرک وہیکلز کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام سے الیکٹرک موٹر سائیکلوں، کاروں اور ٹرکوں کے مالکان کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے مواصلاتی نظام میں جدت آرہی ہے اور ان کا وژن ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینا ہے، ان کے مطابق یہ اقدام مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا، انہوں نے بتایا کہ کراچی میں الیکٹرک منی ٹرکوں کی اسمبلنگ کا ایک پلانٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں نے خصوصاً دیہی علاقوں میں شمسی توانائی کے منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ہے، انہوں نے کہا کہ گھروں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے توانائی بحران میں کمی آئے گی اور قابل تجدید توانائی کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025