اسحٰق ڈار کا پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت پر چین سے اظہارِ تشکر

شائع May 20, 2025
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی — فوٹو: دفتر خارجہ، ایکس
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی — فوٹو: دفتر خارجہ، ایکس

بیجنگ میں موجود پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی جماعتوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

لیو جیان چاؤ نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ چین ایک ’ہر موسم کا تزویراتی شراکت دار‘ اور ’آہنی دوست‘ کے طور پر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ ترجیح دے گا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر گزشتہ روز 3 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے، یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلگام حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا بھی جامع جائزہ لیا جائے گا اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔

مزید یہ کہ افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی بیجنگ پہنچ رہے ہیں اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق بات چیت میں شرکت کریں گے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ چین پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی تعلقات قائم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی چینی قیادت سے ملاقاتوں میں سیاسی، مقامی، علاقائی اور عالمی امور، خصوصاً پاکستان و بھارت کے حالیہ تناؤ پر بھی گفتگو ہو گی۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب 6 اور 7 مئی کو بھارت کی فضائی جارحیت میں پنجاب اور آزاد کشمیر میں عام شہری شہید ہوئے، جس کے بعد پاکستان نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے جبکہ 10 مئی کو امریکی مداخلت کے بعد جنگ بندی ہوئی، لیکن بھارت نے جارحانہ رویہ برقرار رکھا ہے جبکہ پاکستان نے مزید کشیدگی سے باز رہنے اور مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025