بیویوں کا شوہروں کیساتھ مقابلہ کرنا بھی طلاق کا بڑا سبب ہے، صبا فیصل
سینیئر اداکارہ صبا فیصل کا خیال ہے کہ موجودہ دور میں طلاق کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ خواتین اپنے شوہروں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
حال ہی میں صبا فیصل نے ’سنو ٹی وی‘ کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے صبا فیصل نے بتایا کہ انہیں ماضی میں خبریں پڑھنے پر نیشنل ایوارڈ بھی مل چکا ہے، جس پر وہ بہت خوش ہوئی تھیں۔
ان کے مطابق آج کل کی ایوارڈز کی تقریبات میں وہ جستجو اور دلچسپی نہیں رہ گئی کہ کون ایوارڈ جیتے گا کیونکہ لگتا ہے کہ تمام ایوارڈز پہلے سے ہی طے شدہ ہوتے ہیں، اسی لیے اب انہیں ایوارڈز کی کوئی خاص خواہش نہیں رہی۔
اکثر سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ صبا فیصل انسٹاگرام پر اپنی ایک بہو کے ساتھ تصاویر پوسٹ کرتی ہیں جبکہ دوسری بہو کے ساتھ نہیں۔
اس حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ یہ میری خوشی ہے کہ میں کون سی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کروں اور اگر کسی کو میرا یہ عمل پسند نہیں تو وہ مجھے اَن فالو کر سکتا ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے سوشل میڈیا پر ہمیشہ پیار ہی ملا ہے، لوگ بہت محبت کرتے ہیں، صرف ایک بار لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب میں نے اپنی بہو کے ساتھ لڑائی کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور میں طلاق کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ بیویاں اپنے شوہروں کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور مرد کی فطرت ہے کہ وہ اپنے ساتھ مقابلہ برداشت نہیں کرسکتا۔
صبا فیصل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مرد کو ایک مقام اور حیثیت دی ہے، زمانہ جتنا بھی بدل جائے، لیکن اللہ کا بنایا ہوا قانون ہمیشہ قائم رہے گا، اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ شادی جیسے رشتے میں دونوں طرف سے برداشت ضروری ہوتی ہے، لیکن اگر برداشت نہ ہو تو زندگی بہت مشکل ہوجاتی ہے۔