بلواسکائی نے کھیلوں کے شائقین کیلئےلائیو اسپورٹس فیچر متعارف کرادیا
سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلواسکائی نے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا جس کے تحت صارفین کو لائیو اسپورٹس میچز کی نشاندہی کی جائے گی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت جب کوئی بھی میچ براہ راست نشر ہوگا تو بلیو اسکائی پر بنے نشریاتی اداروں کے اکاؤنٹس کی پروفائیل تصویر کے گرد ایک سرخ بارڈر اور لائیو کا لیبل ظاہر ہوگا۔
صارفین اس پروفائل تصویر پر کلک کرکے براہ راست اسٹریمنگ پلیٹ فارم جیسے یوٹیوب یا ٹوئچ پر منتقل ہو سکیں گے۔
بلواسکائی کی چیف آپریٹنگ آفیسر روز وانگ نے اس فیچر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد صارفین کو لائیو ایونٹس دریافت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے نہ کہ انہیں بلواسکائی پر ہی محدود رکھنا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلواسکائی، ایکس کے برعکس مہنگے اسٹریمنگ معاہدوں میں سرمایہ کاری نہیں کر رہا بلکہ صارفین کو بیرونی پلیٹ فارمز پر لائیو مواد دیکھنے کی سہولت فراہم کررہا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر این بی اے اور وی این بی اے کے اکاؤنٹس پر آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرایا گیا ہے اور مستقبل میں دیگر اکاؤنٹس پر بھی اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
بلواسکائی کا یہ اقدام کھیلوں کے شائقین کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو لائیو میچز کے دوران فوری ردعمل اور تبصروں کے لیے سوشل میڈیا کا رخ کرتے ہیں۔
یہ فیچر انہیں بلواسکائی پر لائیو ایونٹس کی بروقت معلومات فراہم کرے گا، جس سے پلیٹ فارم پر کھیلوں سے متعلق کمیونٹی کی ترقی میں مدد ملے گی۔