وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کی چینی ہم منصب سے ملاقات، جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

شائع May 20, 2025
فوٹو: دفتر خارجہ ایکس اکاؤنٹ
فوٹو: دفتر خارجہ ایکس اکاؤنٹ

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نےچینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے وانگ ژی سے ملاقات میں سی پیک 2.0 پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ملاقات میں پاک چین دوستی کے مستقبل کو زیر بحث لایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو سراہا گیا اور دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مشترکہ خیالات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر گزشتہ روز 3 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے، یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلگام حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ چین پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی تعلقات قائم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی چینی قیادت سے ملاقاتوں میں سیاسی، مقامی، علاقائی اور عالمی امور، خصوصاً پاکستان و بھارت کے حالیہ تناؤ پر بھی گفتگو ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025