وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر جنرل عاصم منیر ترقی کے مستحق ہیں، صدر پاکستان
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے مستحق ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر پاکستان سے وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کی جس میں آصف علی زرداری کو جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔
صدر پاکستان اور وزیراعظم کی ملاقات میں بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی پر مسلح افواج کو سراہا گیا۔
اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادر وطن کاکامیابی سے دفاع کیا، وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر سید عاصم منیر ترقی کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو سراہتی ہے۔
صدر مملکت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو مدت ملازمت میں توسیع ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایئرچیف مارشل کی کامیاب جنگی حکمت عملی سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کی قیادت میں بھارتی فضائیہ کو شکست فاش دی۔ صدرمملکت کا فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فیلڈ مارشل کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔