پنجاب بھر میں مقامی معیشت کو فروغ دینے کیلئے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹس بنانے کا فیصلہ
پنجاب کے مختلف اضلاع میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، صوبے کے ہر ضلع میں ایسا کاروباری مرکز بنایا جائے گا جو مقامی معیشت، روزگار، سرمایہ کاری اور شہری ترقی کے دروازے کھولے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے مقامی حکومت اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے ساتھ مل کر کام شروع کردیا۔
چیف آپریٹنگ افسر (سی او او) سی بی ڈی پنجاب منصور جنجوعہ نے کہا یہ مشترکہ کوشش پنجاب کے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے ہے، چاہتے ہیں کہ ہر سی بی ڈی علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔
حکومت پنجاب کی ہدایت پر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے مقامی حکومت اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ساتھ مل کر پنجاب کے مختلف اضلاع میں جدید سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹس بنانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
منصوبے کے تحت ہر ضلع میں ایسا کاروباری مرکز بنایا جائے گا جو نہ صرف مقامی معیشت کو مضبوط کرے بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور شہری ترقی کے دروازے بھی کھولے گا۔
سی بی ڈی پنجاب ان منصوبوں میں اپنی مکمل تکنیکی مہارت فراہم کر رہا ہے، جس میں مقامات کی نشاندہی، زمین کے مؤثر استعمال اور جدید سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔