چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا
بیجنگ میں پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ میں پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ میں سہ فریقی ملاقات ہوئی، جس میں چین نے دونوں ممالک کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
تینوں رہنماؤں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے اپنے مشترکہ عزم پر زور دیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ کا 6 واں اجلاس جلد، باہمی طور پر مناسب تاریخ پر کابل میں منعقد ہوگا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سہ فریقی تعاون کو علاقائی سلامتی اور معاشی روابط کے لیے اہم قرار دیا گیا جب کہ چین نے پاکستان اور افغانستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا جب کہ ملاقات کے دوران تینوں وزرائے خارجہ نے سیکورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے چینی ہم منصب سمیت دیگر وزراء سے اہم ملاقاتیں کیں۔
اسحٰق ڈار نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی سے ملاقات میں حالیہ دورہ کابل پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاک افغان تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا جب کہ باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
اس سے قتل، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کو فولادی دوست اور ہمہ موسمی شراکت دار قرار دیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے سی پیک ٹو پر تیزی سے کام پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جب کہ اسحٰق ڈار نے خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا 3 روزہ دورہ چین مکمل ہوگیا، پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ میں سہ فریقی مذاکرات ہوئے جب کہ ملاقات میں سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے وطن واپسی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، چین اور افغانستان سہ فریقی اجلاس بھی منعقد ہوا جب کہ افغام عبوری وزیرخارجہ سے بھی مذاکرات ہوئے ہیں جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔