چینی سفیر کی اسکول بس پر خودکش حملے کی شدید مذمت
چینی سفیر نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان سے ہر قسم کا تعاون کریں گے ۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پاک چین دوستی کے 74سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ بلوچستان میں اسکول بس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان سے ہر قسم کا تعاون کریں گے۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادرانہ دوست ملک ہے، اور برادرانہ تعلقات کے حوالے سے آج بہت اہم دن ہے، 74سال سے پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، چین میں 10ہزار افراد کو زراعت کے حوالے سے تربیت دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ آج خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی بس تباہ ہوگئی، جب کہ بس میں سوار 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 3 طالبات سمیت پانچ شہید ہوئے، جب کہ 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔