لوئر دیر: ادینزئی کے جنگلات میں لگی آگ کی شدت میں اضافہ، بجھانے کی کوششیں جاری

شائع May 21, 2025
—فوٹو: ریسکیو 1122
—فوٹو: ریسکیو 1122

خیبر پختونخوا میں لوئر دیر میں ادینزئی کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ مزید پھیل گئی، جبکہ اُسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، اس خوفناک آتشزدگی نے گزشتہ تین دنوں میں جنگلات کو نقصان پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان حالیہ برسوں میں جنگلوں میں آتشزدگی کی لہر کا سامنا کر رہا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبوں میں نے گزشتہ تین برسوں میں جنگل میں آتشزدگی کے بڑے واقعات ہوئے ہیں، ضلع لوئر دیر کے علاقے ادینزئی میں پہاڑی جنگلاتی علاقہ ہے، جہاں گزشتہ برس مئی میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی، جو 4 سے 5 دنوں تک لگی رہی تھی۔

لوئر دیر کے ڈویژنل فاریسٹ افسر شبیراحمد جان نے ڈان کو بتایا کہ وہ اپنی ٹیم، سول ڈیفنس رضاکاروں اور ریسکیو 1122 ٹیموں کے ساتھ موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ جنگل کی آگ سے فاصلے پر زمین کھود کر اور مٹی پھینک کر آگ کے شعلوں کو دبایا جا رہا ہے تاکہ ایک کراس فائر لائن بن سکے۔

شبیر احمد جان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر آگ جھاڑیوں میں لگی تھی اور خشک سالی اور شدید گرمی کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ 2.5 کلومیٹر کے دائرے میں تین مختلف مقامات، اوساکئ، اسبند اور کوٹیگرام میں لگی، اسبند میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ باقی دو مقامات پر کوششیں جاری ہیں۔

ڈویژنل فاریسٹ افسر شبیر احمد جان نے کہا کہ تیز ہواؤں کے نتیجے میں آگ بجھانے کی کوششوں میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم لوئر دیر، اپر دیر، لوئر سوات، اپر سوات، پیٹرول اسکواڈ ملاکنڈ ویسٹ اور دیر وائلڈ لائف ڈویژنز کی ٹیمیں بلائی گئیں اور اجتماعی طور پر آگ بجھانے کی کوششیں جا ری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی مساجد میں بھی مدد کے لیے اعلانات کروائے گئے اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں بتایا گیا، مثلاً جھاڑیوں کو آگ لگانے سے گریز کریں۔

ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ضلعی ایمرجنسی افسر اور تقریباً تمام محکموں کے سربراہان آگ کے مقام پر موجود ہیں اور بجھانے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک کراس فائر لائن بنائی ہے، جو آگ کو مزید پھیلنے کے خطرے کو ختم کر سکتی ہے۔

بلال احمد فیضی کا کہنا تھا کہ آگ پہاڑی سلسلے میں پھیلی ہوئی ہے اور تیز ہوائیں چلنے کے باوجود شعلے بھڑک رہے ہیں اور شدید گرمی ہے، ریسکیو 1122 کے اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 جون 2025
کارٹون : 11 جون 2025