بھارت کی پھر آبی دہشتگردی، کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا

شائع May 22, 2025
موسم گرما میں گلیشئرز پگھلنے سے دریائے نیلم میں پانی کی سطح بلند رہتی ہے
—فائل فوٹو:
موسم گرما میں گلیشئرز پگھلنے سے دریائے نیلم میں پانی کی سطح بلند رہتی ہے —فائل فوٹو:

بھارت جنگ بندی کے باوجود ایک بار پھر آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے، اور کشن گنگا ڈیم سے بھارت نے دریائے نیلم کا پانی روک لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کے ذریعے دریائے نیلم کا پانی روکے جانے کے بعد دریائے نیلم میں پانی کا بہاؤ معمول سے 40 فیصد کم ہے۔

اس سے قبل حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کشن گنگا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑا گیا تھا، جس سے دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔

موسم گرما میں عموماً گلیشئرز پگھلنے سے دریائے نیلم میں پانی کی سطح بلند رہتی ہے، تاہم بھارت کے پانی چھوڑنے سے یہ سطح مزید بلند ہوجاتی ہے، اور اسی طرح اگر بھارت پانی کا اخراج کم کردے تو پانی نچلی سطح پر چلا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد 26 اپریل کو بھارت نے آبی جارحیت کا آغاز کیا تھا، اور بغیر اطلاع دیے مظفرآباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد مظفرآباد انتظامیہ نے آبی ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر اڑی سے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں اچانک شدید طغیانی آگئی تھی، اور دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی، جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

دریا کے کنارے بستیوں میں مساجد میں اعلانات شروع کر دیے گئے تھے۔

پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت دیگر کئی اعلانات کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025