’بائیکاٹ پر یقین نہیں رکھتی‘، بولی وڈ میں کام کرنے کے سوال پر ماہرہ خان کا ردعمل
معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بولی وڈ میں دوبارہ کام کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ بائیکاٹ پر یقین نہیں رکھتیں۔
اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اپنی نئی مزاحیہ فلم ’لو گرو‘ کی بین الاقوامی پروموشن کے سلسلے میں امریکا میں مصروف ہیں۔ وہ ہیوسٹن سمیت مختلف امریکی شہروں میں فلم کی تشہیر کرتی نظر آئیں گی۔
حال ہی میں ماہرہ خان کو ڈیلاس میں فلم کی پروموشن کے دوران دیکھا گیا، جہاں ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ بالی وڈ میں پاکستانی اداکاروں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے، اس صورتِ حال میں پاکستانی اداکاروں کی سمت کیا ہونی چاہیے؟
ماہرہ خان نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خیال میں ہمیں سب سے پہلے اپنی انڈسٹری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو ثقافت کو منسوخ کرنے یا بائیکاٹ کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اور میں یہ بات عمومی طور پر کر رہی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بائیکاٹ کا رویہ درست ہے، لیکن موجودہ حالات میں ہم سب جذباتی ہیں۔ ایسے میں کسی سخت مؤقف کی حمایت کرنے کے بجائے ہمیں اپنے اندرونی معاملات اور ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
ماہرہ کا کہنا تھا کہ یہ آپ کا ملک ہے، جو آپ کی محفوظ جگہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمیں اپنے آپ میں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت نے پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بلاک کر دیے ہیں، جب کہ پاکستانی فنکاروں کی تصاویر ان کے میوزک البمز سے بھی ہٹا دی گئی ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ آن لائن میوزک پلیٹ فارمز سے پاکستانی گانے بھی ہٹائے جاچکے ہیں۔