فہد مصطفیٰ اور رجب بٹ کا کوئی مقابلہ نہیں، فہد سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، عفت عمر

شائع May 22, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینئر اداکارہ و ٹی وی میزبان عفت عمر نے کہا ہے کہ فہد مصطفیٰ اور یوٹیوبر رجب بٹ کا کوئی مقابلہ اور موازنہ نہیں، فہد مصطفیٰ ملک کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں۔

عفت عمر نے حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں اب پاکستانی عوام کی سوچ اور ذہن تبدیل ہوا ہے، آج کل کے اداکار ماضی کے اداکاروں کے مقابلے اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔

ان کے مطابق ماضی میں جب کوئی اداکارہ بتاتی تھیں کہ وہ اداکارہ ہیں تو ان سے پوچھا جاتا تھا کہ اچھا آپ اور کیا کام کرتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اداکاراؤں سے شادی کے لیے کوئی تیار نہیں ہوتا تھا اور خصوصی طور پر مرد بہت زیادہ سوالات کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوتا، لوگوں کی ذہنیت تبدیل ہو چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب عفت عمر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اب مرد اور خواتین کے معاوضوں میں بھی زیادہ فرق نہیں رہا، اب خواتین کو اچھا معاوضہ مل جاتا ہے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر کہیں معاوضے کا فرق ہے تو مردوں کے مقابلے خواتین کو اشتہارات زیادہ ملتے ہیں، جس سے معاوضے کا فرق ختم ہوجاتا ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ اگر کسی اشتہار کے لیے فہد مصطفیٰ زیادہ معاوضہ لیتے ہیں تو ماہرہ خان زیادہ اشتہارات کرکے زیادہ پیسے کما لیتی ہیں، جس سے مرد اور خاتون کی کمائی کا فرق ختم ہوجاتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں عفت عمر کا کہنا تھا کہ فہد مصطفیٰ اور رجب بٹ کا کوئی مقابلہ اور موازنہ نہیں، کسی کو کسی پر تنقید نہیں کرنی چاہیے، ہر کوئی اپنے حساب سے کام کرتا ہے۔

انہوں نے فہد مصطفیٰ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کے سپر اسٹار ہیں، آپ نے بہت محنت کرکے نام کمایا، آپ چھوٹی باتیں نہ کریں، آپ کا رجب بٹ سے کوئی مقابلہ نہیں۔

اسی بات پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ فہد مصطفیٰ ملک کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، انہیں کسی پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025