پولی گرافک ٹیسٹ کا معاملہ: عمران خان کا تیسرے روز بھی انکار

شائع May 22, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں شامل تفتیش ہونے سے مسلسل تیسرے روز انکار کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نے لاہور پولیس کی ٹیم کے ساتھ شامل تفتیش ہونے سے تیسرے روز بھی انکار کردیا اور انہوں نے پولی گراف، فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ بھی نہیں کرائے۔

لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی، تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل تھے جب کہ پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب بھی تفتیشی ٹیم میں شامل تھی۔

تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی کے 9 مئی کے کیسز میں پولی گرافک ٹیسٹ فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے تھے تاہم ان کے انکار کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم تیسرے روز بھی بغیر ٹسٹ کے واپس روانہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ 2 مرتبہ انکار کر چکا ہوں، میں نے کسی تفتیش یا ٹیسٹ میں پیش نہیں ہونا۔

ڈی ایس پی جاوید آصف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ اگر ٹیسٹ نہیں ہوں گے تو انصاف کے تقاضے کیسے پورے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف کے تقاضوں کے مطابق میرٹ پر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عدم تعاون کا سامنا ہے، ٹیسٹ نہ ہوئے تو تفتیش کا عمل کیسے آگے بڑھے گا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی سے تفتیش اور ٹیسٹ کے لیے لاہور پولیس کی 13 رکنی ٹیم دو دن سے راولپنڈی میں موجود ہے، تفتیشی ٹیم نے 9 مئی کے لاہور کے 11 مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنی تھی۔

پس منظر

یاد رہے کہ 14 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی تھی۔

9 مئی کے مقدمات میں پولیس نے عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹوگرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے لیے پراسیکیوشن نے انسداد دہشت گردی عدالت میں باقاعدہ درخواست جمع کرائی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی واقعات کے حوالے سے سچائی جانچنے کے لیے پولی گرافک سمیت دیگر ضروری سائنسی ٹیسٹ کروائے جانا اہم ہے۔

تاہم، عدالت میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواست کی سخت مخالفت کی تھی۔

ابتدائی دلائل میں ان کا کہنا تھا کہ 2 سال بعد ایسی درخواست دائر کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025