شوہر نے دھمکی دے رکھی ہے جس دن ’آنٹی‘ بنی، چھوڑ دوں گا، مہرالنسا اقبال

شائع May 22, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی اداکارہ مہرالنسا اقبال نے کہا ہے کہ انہیں شوہر نے دھمکی دے رکھی ہے جس دن ان کا وزن بڑھا یا وہ ’آنٹی‘ بنیں تو وہ انہیں چھوڑ دیں گے۔

مہرالنسا اقبال گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں رشتہ ازدواج میں بندھیں تھیں اور انہوں نے شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر بھی شیئر کی تھیں۔

ابھرتی ہوئی اداکارہ نے پاکستانی نژاد برطانوی شخص سے شادی کی اور حال ہی میں وہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوہر اور سسرال سے متعلق معلومات بھی فراہم کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی ساس اور شوہر سمیت گھر میں کسی کو بھی اردو سمجھ نہیں آتی اور اگر وہ اردو سمجھتے ہوتے تو ان کی بہت ساری لڑائیاں ہو چکی ہوتیں۔

مہر النسا اقبال کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر بھی خود کو فٹ رکھنے کے لیے جِم جاتے ہیں لیکن واپسی پر ڈھیر سارا کھانا لے کر آتے ہیں، اس لیے انہیں جِم جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا، ان کے مطابق وہ بھی خود کو فٹ رکھنے کے لیے جِم جاتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ کام کرتے رہنا ان کی اولین ترجیح ہے، اگر مستقبل میں وہ شوبر میں نہ بھی رہیں تو کوئی نہ کوئی کام کرتی رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ اگر وہ کام نہیں کریں گی تو ان کی سانس بند ہوجائے گی، انہیں اپنی کمائی سے خرچ کرنا اچھا لگتا ہے، اس لیے وہ ہمیشہ کام کرتی رہیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں مہرالنسا اقبال نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں شوہر نے دھمکی دے رکھی ہے کہ اگر ان کا وزن بڑھا یا وہ وزن بڑھنے کی وجہ سے ’آنٹی‘ ہوگئیں تو وہ انہیں چھوڑ دیں گے۔

ان کی بات پر ندا یاسر نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بھی شوہر کو دھمکی دیں کہ اگر ان کا پیٹ بڑھا یا وہ گنجے ہوئے تو وہ بھی انہیں چھوڑ دیں گی۔

میزبان کی بات پر مہرالنسا اقبال نے کہا کہ ان کا ایسی دھمکی دینے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی شوہر دھمکانے کے باوجود انہیں چھوڑیں گے، وہ ایسے ہی بات کرتے ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر تو شوہر نے انہیں چھوڑا تو شوہر کی نصف جائیداد ان کی ہوجائے گی، اس لیے شوہر انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025