آئی ایم ایف وفد کی نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار سے ملاقات
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی ایجنڈے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ اور دیگر حکام شریک ہوئے، اس موقع پر ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار نے توسیع فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت قرض پروگرام کے جائزے کی کامیاب تکمیل پر آئی ایم ایف سے اظہار تشکر کیا۔
اس کے علاوہ ریزیلینس اینڈ سسٹینیبلٹی فیسلٹی کے تحت تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا، اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی استحکام، اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی ایجنڈے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں، صبح وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے ملاقات کی تھی، جس میں پاکستان کے جاری آئی ایم ایف کے پروگرام پر گفتگو کی گئی تھی۔
ڈان نیوز کے مطابق ملاقات میں حکومت کی آئی ایم ایف پروگرام پر عمل کےحوالے سےمعاشی اصلاحات اور مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا، وفد نے پاکستان کے اصلاحات اور معاشی استحکام و ترقی میں آئی ایم ایف کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کا اظہار کیا تھا۔