مردان میں گولی مار کر ایک شخص اور اس کے دو بیٹوں کو قتل کر دیا گیا

شائع May 22, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں ایک شخص اور اس کے دو بیٹوں کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، جبکہ پانچ مشتبہ افراد موقع سے فرار ہو گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 مردان محمد عباس شاہ نے ڈان کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کو پیش آیا اور مقتول کی بہن کی شکایت پر شہباز گڑھی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

محمد عباس شاہ کا کہنا تھا کہ پانچ مشتبہ افراد نے مقتولین قباد خان اور ان کے بیٹوں پر مردان کے گڑیالہ علاقے میں ایک کھیت میں فائرنگ کی، باپ اور ان کے بیٹے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ قریب موجود خواتین بال بال بچ نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان قتل کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 148 (مہلک ہتھیاروں سے لیس ہو کر ہنگامہ آرائی کرنا)، دفعہ 149 (غیر قانونی اسمبلی کا ہر رکن کسی مشترکہ چیز کے خلاف کارروائی میں جرم کا مرتکب)، دفعہ 302 (قتل کی سزا) اور دفعہ 324 (قتل کی کوشش) کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔

واضح رہے کہ 19 مئی کو پشاور کے علاقے کھٹکو پل میں خاندانی جھگڑے پر فائرنگ کے تبادلے میں تین خواتین سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

دو خاندانوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد کو گولی لگی تھی، جن میں سے 6 موقع پر ہی چل بسے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025