ہمایوں سعید کا ’لو گُرُو‘ کے بجٹ سے متعلق حیران کن انکشاف

شائع May 23, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پروڈیوسر و اداکار ہمایوں سعید نے اپنی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کے بجٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی کوالٹی 100 کروڑ کی ہے۔

ہمایوں سعید اور ماہرہ خان ان دنوں فلم کی پروموشن کے لیے امریکا میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے مختلف شہروں کے دورے کیے اور مداحوں کے ساتھ گفتگو بھی کی۔

امریکا میں فلم پروموشن کے دوران ’لو گُرُو‘ کا ٹریلر ٹائمز اسکوائر پر بھی چلایا گیا اور وہاں بھی ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

امریکا میں ہی فلم پروموشن کی تقریب کے دوران ہمایوں سعید نے فلم کے بجٹ سمیت پاکستان میں سینما انڈسٹری کی زبون حالی پر بھی بات کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ ماضی میں پاکستان میں 1200 سینما ہوتے تھے لیکن اب صرف 110 سینما ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان میں انتہائی کم سینما ہونے کے باوجود فلمیں اچھی کمائی کرتی ہیں، حال ہی میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ریکارڈ کمائی کی جب کہ اس سے قبل بھی فلمیں 100 کروڑ سے زائد کی کمائی کر چکی ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ پاکستانی ہی فلمیں دیکھی جاتی ہیں، اگر ان کے ساتھ ہولی وڈ اور بولی وڈ فلمیں بھی ریلیز کی جائیں تو پاکستانی فلمیں زیادہ کمائی کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری زبون حالی کا شکار ہے، 2013 کے بعد کچھ بہتری ہوئی اور چند فلموں نے ریکارڈ کمائی کی لیکن اس باوجود پاکستان کی فلم انڈسٹری دنیا کی دوسری فلم انڈسٹریز سے مقابلہ نہیں کر سکتی۔

فلم کے بجٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ فلم کے بجٹ پر بات نہ کی جائے تو اچھا ہے لیکن اگر اس کی کوالٹی دیکھی جائے تو معلوم ہوگا کہ اس کا بجٹ 100 کروڑ ہے۔

تاہم اداکار نے فلم کے بجٹ سے متعلق بھی لب کشائی کی اور انکشاف کیا کہ ان کی فلم پر 28 کروڑ روپے لاگت آئی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بولی وڈ فلموں کے مقابلے ان کی فلم کا بجٹ بہت کم ہے لیکن ان کی فلم کی کوالٹی اچھی ہے، ایسا لگتا ہے کہ فلم 100 کروڑ بجٹ کی ہے۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں کا بجٹ کم ہوتا ہے اور یہ پاکستانی ڈرامے میں بھی انتہائی کم بجٹ میں بنتے ہیں، پاکستانی ڈرامے دنیا کے سستے ترین ڈرامے ہیں لیکن وہ سب سے اچھے ڈرامے ہوتے ہیں۔

’لو گُرُو‘ کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا، فلم میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید تقریبا ایک دہائی بعد بڑے پردے پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

فلم کے ٹریلر اور گانے ’آ تینوں موج کراواں‘ کی ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں اور شائقین پہلے ہی تبصرے کر رہے ہیں کہ فلم اچھی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025