غیرملکی طلبہ کو داخلہ دینے کا اختیار ختم کرنےپر ہارورڈ یونیورسٹی کا ٹرمپ انتظامیہ پر مقدمہ

شائع May 23, 2025
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ہارورڈ یونیورسٹی نے غیرملکی طلبہ کو داخلہ دینے کا اختیار ختم کرنے کے فیصلے پر ٹرمپ انتظامیہ پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی نے بوسٹن کی وفاقی عدالت میں دائر کی گئی شکایت میں، غیرملکی طلبہ کو داخلہ دینے کے اختیار کی منسوخی کو امریکی آئین اور دیگر وفاقی قوانین کی ’ واضح خلاف ورزی’ قرار دیا اور کہا کہ اس سے یونیورسٹی اور 7 ہزار سے زائد ویزا ہولڈرز پر ’ فوری اور تباہ کن اثرات’ مرتب ہوئے ہیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ’ یک جنبش قلم حکومت نے ہارورڈ کے ایک چوتھائی طلبہ کو نکالنے کی کوشش کی ہے، ایسے غیرملکی طلبہ جو یونیورسٹی اور اس کے مشن میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔’

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے غیر ملکی طلبہ کے بغیر، ہارورڈ، ہارورڈ نہیں ہے۔

ہارورڈ کی انتظامیہ نے وفاقی جج سے غیرملکی طلبہ کو داخلہ دینے کے اختیار کی منسوخی کو روکنے کی درخواست کی، جس میں ’ اس غیر قانونی کارروائی سے پہنچنے والے فوری اور ناقابل تلافی نقصان’ کا حوالہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ کیس امریکی ڈسٹرکٹ جج ایلیسن بروز کو سونپا گیا ہے، دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان ابیگیل جیکسن نے مقدمہ کو مسترد کر دیا۔

ابیگیل جیکسن نے کہا کہ ’ اگر ہارورڈ اپنے کیمپس میں امریکی مخالف، سام دشمن، دہشت گردی کے حامی فسادیوں کے عذاب کو ختم کرنے کے بارے میں اتنی ہی پروا کرتی، تو انہیں شروع ہی سے اس صورتحال کا سامنا نہ ہوتا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہارورڈ کو بے بنیاد مقدمے دائر کرنے کے بجائے ایک کیمپس کے ماحول کو محفوظ بنانے پر اپنا وقت اور وسائل خرچ کرنے چاہئیں۔’

واضح رہے کہ ہارورڈ کے اسٹوڈنٹ اینڈ ایکسچینج وزٹر پروگرام سرٹیفیکیشن کی منسوخی، جو تعلیمی سال 2025-2026 سے مؤثر ہے، کا اعلان ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوئم نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ منسوخی کا جواز ہارورڈ کا ’ تشدد، سام دشمنی کو فروغ دینا، اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ ہم آہنگی’ ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی نے اپنے موجودہ تعلیمی سال میں تقریباً 6800 غیرملکی طلبہ کو داخلہ دیا، جو کل داخلوں کا 27 فیصد ہے۔

اپنی شکایت میں، ہارورڈ نے کہا کہ اختیار کی منسوخی اسے ہزاروں افراد کے داخلے منسوخ کرنے پر مجبور کردے گی۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025