جنوبی افریقہ: زیر زمین پھنسے تمام 260 کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

شائع May 24, 2025
جنوبی افریقہ میں 2024 میں 42 کان کن ہلاک ہوئے، جب کہ 2023 میں یہ تعداد 55 تھی — فوٹو: رائٹرز
جنوبی افریقہ میں 2024 میں 42 کان کن ہلاک ہوئے، جب کہ 2023 میں یہ تعداد 55 تھی — فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقہ میں ریسکیو ٹیموں نے زیر زمین کان میں 24 گھنٹے سے زائد وقت تک پھنسے تمام 260 کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا۔

فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سِبانی-اسٹل واٹر نامی کان کن کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کان کن جمعرات کو جوہانسبرگ سے 60 کلومیٹر مغرب میں واقع ’کلوف‘ سونے کی کان میں شافٹ تک رسائی کے لیے استعمال ہونے والا ہائسٹ خراب ہونے کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔

ریسکیو آپریشن کے پہلے مرحلے میں 79 افراد کو زمین پر لایا گیا، جب کہ باقی تمام کان کنوں کو 6 گھنٹے بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔

کمپنی کے بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے دوران کسی بھی مرحلے پر ملازمین کو کوئی خطرہ درپیش نہیں تھا، ہنگامی راستے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ اس میں کان کنوں کو طویل فاصلے پیدل طے کرنے پڑتے، یہ کان جوہانسبرگ اسٹاک ایکسچینج میں درج کمپنی کی سب سے گہری کانوں میں سے ایک ہے۔

ریسکیو کارروائی کے دوران کان کنوں کے رشتہ دار کان کے باہر منتظر تھے اور بیشتر اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے نظر آئے۔

کان کمپنی کا کہنا ہے کہ ضرورت ہوئی تو تمام متاثرہ ملازمین کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا، ملازمین کے اہل خانہ کو بھی تعاون فراہم کیا گیا ہے۔

نیشنل یونین آف مائن ورکرز کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا، یونین نے ان کان کنوں کے لیے تشویش کا اظہار کیا جو تقریباً 20 گھنٹے سے زیر زمین تھے۔

کمپنی نے پہلے کہا تھا کہ کان کنوں کو جمعہ کو دوپہر کے وقت سطح پر لایا جائے گا، ملازمین پھنسے ہوئے نہیں ہیں۔

کان کنی کا شعبہ اور اس کے خطرات

جنوبی افریقہ میں کان کنی کا شعبہ لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ ہے، یہ ملک دنیا میں پلاٹینم کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے اور سونے، ہیرے، کوئلے اور دیگر خام مواد کو بھی بڑی مقدار میں برآمد کرتا ہے، تاہم، اس صنعت میں حادثات عام ہیں۔

ہر سال درجنوں کان کن حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں، اگرچہ گزشتہ 2 دہائیوں میں حفاظتی اقدامات میں بہتری کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

انڈسٹری گروپ منرلز کونسل جنوبی افریقہ کے مطابق 2024 میں 42 کان کن ہلاک ہوئے، جب کہ پچھلے سال یہ تعداد 55 تھی۔

حالیہ حادثے کے بعد کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نیل فرونیمین نے کہا کہ ہم اس وقت تک دوبارہ کام شروع نہیں کریں گے، جب تک مکمل یقین نہ ہو جائے کہ تمام ضروری اصلاحی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025