لاہور: ڈیفنس میں خاتون کے اغوا کا معاملہ، ملزم گرفتار، بیوی اور بچے بحفاظت بازیاب
لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں خاتون کو اغوا کرنے کے معاملے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ بیوی اور تین بچے بحفاظت بازیاب کرا لیے۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ملزم ایوب کو ضلع وہاڑی کی تحصیل لڈن سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ریکی کر کے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ مغویہ کو بچوں سمیت بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا، جبکہ وقوعہ میں استعمال ہونے والی مہران گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق قانون کو ہاتھ لینے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں خاتون کو کار سواروں نے اغوا کرلیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی تھی۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں ایک خاتون کو کار سواروں نے جبری طور پر کار میں سوار کروایا تھا اور ساتھ لے گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ 2 ملزمان ایک خاتون کو زبردستی پکڑ کر کار میں ڈال رہے ہیں۔
ملزمان خاتون کو اغوا کرکے موقع سے فرار ہوگئے تھے، پولیس نے مغوی خاتون کے بھائی امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تھا۔