پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کی بھارتی سازش بے نقاب
بھارت کی پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش بےنقاب ہوگئی، بھارت نے عالمی برادری میں پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا، پاکستان کو دوبارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر دہشتگردی کی مالی معاونت کے جھوٹے الزامات کو اٹھانے جا رہا ہے، تاکہ اسے ایک بار پھر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ’گرے لسٹ‘ میں شامل کروانے کا کیس بنایا جا سکے۔
ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والا عالمی ادارہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت خاص طور پر ان قانونی شرائط کی عدم تعمیل کو اجاگر کرے گا، جن پر پاکستان نے 2022 میں گرے لسٹ سے نکالے جانے کے وقت عملدرآمد کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق حکومتی ذرائع نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں اٹھائیں گے، اس کی تیاری جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے میں کی گئی کوتاہیوں اور غلطیوں پر مبنی ایک ڈوزیئر تیار کر رہی ہے، جسے جون میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اگلے پلینری اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کیا جائے تاکہ وہ اپنے ترقیاتی منصوبے نہ چلاسکے، بھارت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی امداد پر بھی اعتراض کرکے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کی اقتصادی ترقی سے خائف ہے۔
بھارت کے عوام غیر سنجیدگی پر مودی پر برہم
ایک طرف بھارت عالمی سطح پر پاکستان دشمنی کے اقدامات کر رہا ہے، تو دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی غیرسنجیدہ بیان بازی پر بھارتی عوام برہمی کا اظہار کر رہے ہیں، مودی کی جانب سے ’نسوں میں خون کے بجائےگرم سندور‘ بہنے کا بیان ان کے اپنے ہی گلے پڑ گیا ہے۔
بھارتی خواتین اس غیر سنجیدہ بیان پر سیخ پا ہیں، مودی کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ مودی سندور کا سوداگر ہے، جو خود سندور کا مان نہیں رکھ سکا، وہ اس کی قیمت کیا جانے؟۔
بھارت کے عوام کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور نام رکھ دینے سے آپ سچائی نہیں چھپا سکتے، پہلگام میں بیوہ ہونے والی خواتین کے دکھ کا اب تک مداوا کیوں نہیں کیا گیا؟
عوام نے سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے جواب مانگا ہے کہ بھاری فوج کی موجودگی میں دہشت گرد کاروائی کر کے چلے گئے، انہیں اب تک کیوں نہیں پکڑا گیا،
مودی سے عوام سوال کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کے کہنے پر سیز فائر کیوں کیا، آپ کس بات کے وزیراعظم ہیں؟ حملے کے بعد پہلگام کیوں نہیں گئے، مودی صرف لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔
بھارتی عوام کا کہنا ہے کہ صرف گودی میڈیا ہی مودی کے گن گا رہا ہے، اصلیت عوام سے پوچھیں، پہلگام متاثرین کی دادرسی کے بجائے مودی بہار میں الیکشن کمپین چلا رہے ہیں۔