خضدار میں اسکول بس پر فتنۃ الہندوستان کے حملے میں زخمی مزید 2 طالبات شہید

شائع May 25, 2025
—پی ٹی وی
—پی ٹی وی

خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے طلبہ میں سے مزید 2 طالبات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے طالبہ شیما ابراہیم اور مسکان منگل کو خضدار میں اسکول بس پر فتنۃ الہندوستان کے حملے میں زخمی ہوئی تھیں، تاہم زخموں کی تاب نہ لاکر آج شہید ہوگئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شیما ابراہیم اور مسکان کی شہادت کے بعد واقعے میں شہید طلبہ و طالبات کی تعداد 8 ہوگئی ہے، شہدا میں 7 طالبات اور ایک طالبعلم شامل ہے۔

واضح رہے کہ بس پر خود کش حملے کے پہلے روز چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شہید ہوئی تھیں، طالب علم حیدر، طالبہ ملائکہ اور سحر سلیم نے دوران علاج جام شہادت نوش کیا تھا۔

دریں اثنا، کلر سیداں کے رہائشی صوبیدار سلیم کی شہید بیٹیوں عیشا سلیم اور سحر سلیم کی نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی، جس میں سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور علاقہ معززین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔

حملے میں شہید طالبہ حفصہ کوثر کو اوکاڑہ اور ثانیہ سومرو کو رحیم یار خان میں سپرد خاک کردیا گیا تھا، شہید طالبات کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے جوانوں، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اہل علاقہ و عزیز و اقارب نے شرکت کی، نماز جنازہ پر علاقوں کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشک بار تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ذلت آمیز شکست اور ہزیمت کے بعد بھارت بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کے لیے بھارت اپنی پراکسیوں کا استعمال کر رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنۃ الہندوستان اور ان کے ہندوستانی آقاؤں سے ضرور لیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025