ٹرمپ کی ہارورڈ یونیورسٹی کا غیرملکی طلبہ کو داخلہ دینے کا اختیار ختم کرنے کی حمایت

شائع May 25, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو غیر ملکی طلبہ کو داخلہ دینے سے روکنے کے اپنی انتظامیہ کے اقدام کا دفاع کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ کیا، ’ ہارورڈ یہ کیوں نہیں کہہ رہی ہے کہ اس کے تقریباً 31 فیصد طلبہ غیر ملکی ہیں، اور پھر بھی وہ ممالک، جن میں سے کچھ امریکا کے دوست نہیں ہیں، اپنے طالب علموں کی تعلیم کے لیے کچھ بھی ادا نہیں کرتے، اور نہ ہی ان کا ارادہ ہے؟’

انہوں نے مزید لکھا،’ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ غیر ملکی طلبہ کون ہیں، یہ ایک معقول درخواست ہے کیونکہ ہم ہارورڈ کو اربوں ڈالر دیتے ہیں، لیکن ہارورڈ بالکل بھی تعاون نہیں کر رہی۔’

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے جمعرات کو ہارورڈ کی غیر ملکی شہریوں کو داخلہ دینے کا اختیار منسوخ کر دیا تھا، جس سے ہزاروں طلبہ کے مستقبل اور ان سے حاصل ہونے والی منافع بخش آمدنی پر سوال اٹھ کھڑا ہوا تھا۔

انہوں نے گزشتہ ماہ یونیورسٹی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے ویزا ہولڈرز کی ’ غیر قانونی اور پرتشدد سرگرمیوں’ کے ریکارڈ فراہم نہیں کیے تو وہ یونیورسٹی کو غیرملکی طلبہ کو داخلہ دینے سے روک دیں گی۔

لیکن ایک جج نے یونیورسٹی کی جانب سے ’ حکومت کے من مانی، بے بنیاد، غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کو روکنے’ کے لیے مقدمہ دائر کرنے کے بعد اس اقدام کو معطل کر دیا۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کئی محاذوں پر امریکی یونیورسٹیوں پر کریک ڈاؤن کر رہا ہے، جسے انتظامیہ کی جانب سے بے قابو ’ یہود دشمنی’ اور اقلیتوں کے تاریخی جبر سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے تنوع کے پروگراموں کو واپس لینے کی ضرورت کے رد عمل کے طور پر درست کہا جا رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اسرائیل کے غزہ میں فوجی آپریشن کے خلاف احتجاج میں شامل غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کرنے اور انہیں ملک بدر کرنے کا بھی اقدام کیا ہے، جس میں ان پر فلسطینی گروپ حماس کی حمایت کا الزام لگایا گیا ہے۔

ہارورڈ کو، حکومت نے 9 ارب ڈالر کی فنڈنگ کا جائزہ لینے کی دھمکی دی تھی، پھر 2.2 ارب ڈالر کی گرانٹس اور 60 ملین ڈالر کے سرکاری معاہدوں کی پہلی قسط منجمد کر دی، امریکی انتظامیہ نے ہارورڈ میڈیکل اسکول کے ایک محقق کو ملک بدر بھی کردیا تھا۔

خیال رہے کہ غیرملکی طلبہ ہارورڈ میں طلبہ کی مجموعی تعداد کے ایک چوتھائی سے بھی زیادہ ہیں، اور انہیں داخلہ نہ دینے سے ہارورڈ کو فیس کی مد میں بڑا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی 2024 میں 53.2 ارب ڈالر کی مالیت کے ساتھ امریکہ کی سب سے امیر یونیورسٹی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025