• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

سکندر رضا نے پی ایس ایل فائنل سے 10 منٹ پہلے انٹری کی فلمی کہانی بتادی

شائع May 26, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

لاہور قلندرز کو تیسری بار پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بنوانے والے زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے پی ایس ایل 10 کے فائنل میں میچ سے 10 منٹ پہلے پہنچنے کی فلمی کہانی بیان کردی۔

لاہور قلندرز کے اہم کھلاڑی سکندر رضا پلے آف مرحلے سے پہلے ہی ٹیم کو چھوڑ کر قومی ذمہ داری ادا کرنے انگلینڈ چلے گئے تھے، جہاں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں زمبابوے کی نمائندگی کرتے ہوئے واحد ٹیسٹ میچ کھیلا جو پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کی رات ختم ہوا۔

تاہم، حیران کن طور پر اگلے ہی دن یعنی اتوار کو شیڈول پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے وہ ٹاس سے چند لمحے پہلے قذافی اسٹیڈیم میں پہنچے اور ٹیم کو جوائن کیا۔

یہی نہیں، سکندر رضا نے لاہور قلندرز کو تیسری بار پی ایس ایل چیمپئن بنوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، اپنی پہلی ہی گیند پر محمد عامر کو چھکا اور پھر آخری اوور میں فہیم اشرف کو ایک چھکا اور پھر وننگ چوکا لگاکر انہوں نے ٹیم کی فتح سے ہمکنار کروایا۔

میچ جیتنے کے بعد گفتو میں ان کا کہنا تھا کہ جیتے ہی ٹیسٹ میچ ختم ہوا تو مجھے سمین رانا کی کال آئی اور مجھے کہا کہ فوراً فلائٹ پکڑکے پاکستان پہنچو، میرے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ ناٹنگھم میں کوئی فلائٹ دستیاب نہیں تو تمہیں برمھنگم پہنچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہاں سے کسی طرح بھاگ کر ہوٹل آیا، سامانا بھی پیک نہیں کیا اور ایک دوست نے مجھے اپنی گاڑی میں ایئرپورٹ پہنچایا، فلائٹ پکڑ کر دبئی پہنچا، ڈیڑھ گھنٹہ گاڑی چلاکر ابو ظہبی پہنچا اور وہاں سے سیدھا لاہور میں 6 بجکر 50 پر لینڈ کیا، 7.20 پر چینجنگ روم میں آیا، 7 بجکر 25 پر قومی ترانے کے لیے گراؤنڈ میں اور ساڑھے 7 بجے پہلی گیند ہوئی۔

سکندر رضا کا کہنا تھا کہ ہفتہ کو تقریباً 25 اوورز بیٹنگ کی، برمنگھم میں رات کا کھانا، دبئی میں ناشتہ کیا، اتوار کو ابو ظہبی میں دوپہر کا کھانا کھایا اور پھر 6 بجکر 50 منٹ پر لاہور میں تھا۔

صحافی نے کہا کہ اگر آپ 10 منٹ بھی لیٹ ہوجاتے تو یہ میچ شاید نہیں کھیل پاتے تو کس طرح یہ سب کیا؟

آل راؤنڈر نے جواب دیا کہ لاہور ایک ایسی فیملی ہے جس کے لیے دل سے کہلتا ہوں لہذا دماغ اور جسم سے کوئی فیصلہ نہیں ہوتا، اللہ نے بہت عزت دی، ٹیم نے اور خاص طور مداحوں سے جو عزت ملی وہی کافی ہے۔

دوسری جانب، لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ افیسر (سی او او) سمین رانا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ زمبابوے کا ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد میں اور شاہین آفریدی فلائٹ کی تلاش میں لگ گئے تھے مگر کوئی فلائٹ دستیاب نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس پر ہمیں سکندر رضا کو ناٹنگھم سے برمنگھم جانے کی درخواست کی اور وہ گئے، اور بدقسمتی سے وہاں بھی اکانومی کلاس کی ٹکٹ دستیاب تھی لیکن سکندر رضا کا بڑا پن تھا کہ انہوں نے یہ سب چیزیں نہیں دیکھیں اور کسی طرح وہ ٹاس سے صرف 10 منٹ پہلے لاہور پہنچے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ یقین تھا کہ سکندر رضا جس جذبے اور لگن کے ساتھ کھیلتے ہیں، وہ ضرور کچھ کریں گے اور اللہ نے انہیں عزت دینی تھی اور پھر سب نے دیکھا آخر میں کیا ہوا، ان کی قربانی کا صلہ اللہ نے ہم سب کو دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بنی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025