پشاور: پیپلزپارٹی کا احتجاج، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی آنسو گیس شیلنگ

شائع May 26, 2025
— فوٹو: عبداحکیم مہمند
— فوٹو: عبداحکیم مہمند

پشاور میں اسمبلی چوک پر پیپلزپارٹی کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگادی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے صوبہ بچاؤ مہم کے سلسلے میں پشاور کے اسمبلی چوک میں احتجاجی ریلی میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ہمایوں خان کی تقریر کے دوران پولیس نے آنسو گیس شیلنگ کردی۔

پولیس کی شیلنگ سے مظاہرین منتشر ہوگئے تاہم پیپلز پارٹی کے کارکنان نے وہاں پر قائم تحریک انصاف کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگادی، کیمپ عمران خان کی رہائی کے لیے لگایا گیا تھا۔

پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرپشن کا بازار گرم ہے، نوکریاں فروخت ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ وزیر اعلیٰ اور کرپٹ حکومت کو پیغام دیتا ہوں، آئندہ احتجاج میں وزیراعلیٰ ہاؤس پر چڑھائی ہوگی، آج پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے کرکے دکھایا، وزیراعلی سن لیں کہ اب پی پی پی کارکنان بیدار ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بچاؤ مہم تب تک جاری رہے گا جب تک حکومت کا خاتمہ نہیں ہوگا، عید کے بعد وزیر اعلی ہاؤس پر چڑھائی کریں گے۔

محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جیسے بلاول بھٹو نے سندھ کے پانی کا مسئلہ وفاق کے ساتھ حل کیا ویسے ہی صوبے میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمے میں بھی چیئرمین کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پی پی پی کی حکومت آئے گی تو ہی دہشت گردی ختم کی جائے گی، بھارت کو منہ توڑ جواب میں بلاول کا کردار رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کا کردار بھی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 12 جون 2025
کارٹون : 11 جون 2025