صوبہ بچاؤ تحریک کا دائرہ کار پھیلے گا، پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار روک نہیں سکے گی، بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں احتجاج کرنے والے جیالوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اب صوبہ بچاؤ تحریک کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کی گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلے گا اور پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار اسے روک نہیں سکے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اور پیپلزپارٹی کی ریلی میں شریک کارکنان پر تشدد سے متعلق دریافت کیا اور ریلی کے انعقاد پر شاباش دی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پرامن احتجاج سے گھبرا کر خیبرپختونخوا حکومت نے آنسوگیس کی شیلنگ کی، خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو عوام سے براہ راست ٹکراؤ کی حکمت عملی مہنگی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے کرپشن، لاقانونیت اور بے روزگاری سے تنگ آئے عوام پر تشدد قابل مذمت ہے، اب صوبہ بچاؤ تحریک کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کے گلی گلی اور کوچے کوچے تک پھیلایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شام پشاور میں اسمبلی چوک پر پیپلزپارٹی کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی تھی، جس سے مظاہرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگادی تھی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے صوبہ بچاؤ مہم کے سلسلے میں پشاور کے اسمبلی چوک میں احتجاجی ریلی میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ہمایوں خان کی تقریر کے دوران پولیس نے آنسو گیس شیلنگ کردی تھی۔