’وہ جذبہ جس کی تڑپ تھی سچی، وہ جذبہ آخر کو کام آیا‘، سفر حج کی ناقابل یقین داستان

شائع May 27, 2025
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

لیبیا کے شہری کے سفر حج کی ناقابل یقین داستان نے دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا، حج پرواز نے عامر المہدی منصور القذافی نامی شخص کو 2 مرتبہ ایئرپورٹ پر چھوڑ کر اڑان بھری تاہم کسی نہ کسی فنی خرابی کے سبب جہاز کو واپس لوٹنا پڑا اور پھر تیسری مرتبہ پرواز اسے لے کر روانہ ہوئی۔

عرب نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق لیبیا کے رہائشی نوجوان عامر المہدی منصور القذافی نے اس سال حج ادا کرنے کا پختہ ارادہ کر لیا تھا لیکن ایئرپورٹ پر ایک مسئلہ درپیش آگیا، عامر کو امیگریشن پر روک لیا گیا کیونکہ اس کے خاندانی نام ’القذافی‘ کی وجہ سے سیکیورٹی سسٹمز میں تاخیر ہوئی، جو کہ لیبیا میں ایک دہائی قبل ہونے والے خانہ جنگی کے بعد بھی کچھ نظاموں میں زیرِ نگرانی تھا۔

عامر کے ساتھ حج پر جانے والے عازمین کا گروپ جہاز میں سوار ہوگیا تاہم انہیں امیگریشن کاؤنٹر پر روکے رکھا گیا، متعدد درخواستوں کے باوجود پرواز کے کپتان نے مبینہ طور پر سیکیورٹی خدشات اور شیڈول کی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اسے چھوڑ کر روانگی پر اصرار کیا۔

تاہم عامر اپنے ارادے پر قائم رہا، اُس نے کہا کہ ’میں یہاں سے صرف حج پر ہی روانہ ہوں گا، ورنہ کہیں نہیں جاؤں گا‘۔

چند لمحوں بعد پرواز میں ایک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی اور اسے واپس آنا پڑا، تاخیر اور معمولی مرمت کے بعد جب پرواز دوبارہ روانہ ہوئی تو اسے ایک اور مسئلے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث اسے دوبارہ واپس لوٹنا پڑا۔

مسافروں اور عملے کے مطابق دوسری ہنگامی لینڈنگ کے بعد کپتان نے اعلان کیا کہ ’میں قسم کھاتا ہوں کہ جب تک عامر ہمارے ساتھ اس طیارے میں نہ ہو، میں دوبارہ پرواز نہیں کروں گا‘۔

حکام نے فوراً عامر کو سفر کی اجازت دے دی، تیسری کوشش میں جب عامر طیارے میں سوار ہوا تو پرواز بغیر کسی مسئلے کے روانہ ہو گئی۔

یہ کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی اور بہت سے لوگوں نے اسے اللہ کی مرضی اور دعا کی قبولیت کی نشانی کے طور پر تعبیر کیا۔

عامر نے بعد میں مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری صرف یہی خواہش تھی کہ میں حج پر جاؤں، اور میرا یقین تھا کہ اگر یہ میرے مقدر میں لکھا ہے تو کوئی طاقت مجھے روک نہیں سکتی‘۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025