• KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنی سیریز ’مادرِ ملت‘ کو رواں برس ریلیز کرنے کا امکان

شائع May 27, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

فاطمہ جناح کی زندگی پر مبنی ویب سیریز ’مادرِ ملت‘ کی شوٹنگ اور پروڈکشن مکمل کرلی گئی اور ایک بار پھر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں سال ریلیز کیا جائے گا۔

سیریز کے ہدایت کار دانیال کے افضال نے حال ہی میں ڈان امیجز کو انٹرویو میں بتایا کہ پروڈکشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب ریلیز کی تاریخ کے تعین پر غور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلیز کی ممکنہ تاریخوں میں 31 جولائی (فاطمہ جناح کی سالگرہ)، 9 جولائی (فاطمہ جناح کی وفات کا دن) اور 25 دسمبر (قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ) شامل ہیں۔

دانیال کے افضال کے مطابق، سیریز کی تیاری میں تین سال سے زائد کا عرصہ لگا، جس کے دوران نو آبادیاتی دور کے 92 مقامات پر شوٹنگ کی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ’پاکستان کی روح‘ سے جڑا ہوا ہے اور اس کی ریلیز سے قبل درست تقسیم کار کا انتخاب ضروری ہے تاکہ یہ سیریز عوام تک مؤثر طریقے سے پہنچ سکے۔

سیریز کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، کبریٰ خان، عثمان مختار، منزر صہبائی، ثمینہ احمد اور آمنہ الیاس شامل ہیں۔

عثمان مختار سیریز میں علامہ اقبال کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ سرمد کھوسٹ مہاتما گاندھی کے روپ میں نظر آئیں گے۔

سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی کے مختلف ادوار پر مشتمل ہے، جس میں ان کے بچپن، جوانی، تحریکِ آزادی میں کردار اور قیامِ پاکستان کے بعد کے حالات کو پیش کیا گیا ہے۔

سیریز کے تین سیزنز ہوں گے، جن میں ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا۔ پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کو پیش کیا جائے گا، جس میں سندس فرحان ان کا کردار ادا کریں گی۔ دوسرے سیزن میں سجل علی فاطمہ جناح کے روپ میں نظر آئیں گی، جبکہ تیسرے سیزن میں سامعہ ممتاز یہ کردار ادا کریں گی۔

یاد رہے کہ ’مادرِ ملت‘ کی ریلیز میں پہلے بھی تاخیر ہوچکی ہے۔ ابتدائی طور پر اسے 14 اگست 2022 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم یہ ممکن نہ ہو سکا۔

بعد ازاں 14 اگست 2023 کو ریلیز کی نئی تاریخ دی گئی، لیکن اس موقع پر بھی صرف سیریز کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک جاری کیا گیا۔

پروڈکشن کمپنی اور ڈیجیٹل کی جانب سے ریلیز میں تاخیر کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں، تاہم اب بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سیریز جلد ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ٹی وی اسکرینز پر پیش کی جائے گی۔

ویب سیریز کے گزشتہ برس جاری کیے گئے مفصل 15 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جب کہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ’انیتا پونا والا‘ نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔

مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے سیکریٹری جوزف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے، جسے عمر عبداللہ نے ادا کیا ہے۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخاب کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ سیریز میں کئی کردار ہوں گے اور اس میں اس وقت کے سیاسی و مذہبی حالات بھی دکھائے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026