قائد اعظم سے ملاقات کی بات پر لوگ یقین نہیں کرتے، فیصل رحمٰن کا شکوہ
سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے شکوہ کیا ہے کہ لوگ ان کی بات پر نہ جانے کیوں یقین نہیں کرتے کہ وہ بانی پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح سے ملے تھے۔
فیصل رحمٰن ماضی میں بتا چکے ہیں کہ انہوں نے بچپن میں بانی پاکستان سے ملاقات کی تھی لیکن اس وقت وہ بہت کم عمر تھے۔
اپریل 2025 میں فیصل رحمٰن نے ایک ٹی وی پروگرام میں پہلی بار بتایا تھا کہ وہ بچپن میں قائد اعظم سے ملے تھے لیکن انہیں صحیح سے اپنی عمر یاد نہیں۔
بعد ازاں مئی کے وسط میں انہوں نے ایک بار پھر ایک ٹیو ی پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ان کی عمر 10 سال تھی اور وہ بانی پاکستان سے بھی ملے تھے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے 10 یا 11 برس کی عمر میں قائد اعظم سے ملاقات کی تھی۔
اب انہوں نے شکوہ کیا ہے کہ لوگ ان کی بات پر یقین نہیں کرتے، حالانکہ وہ قائد اعظم سے ملے تھے۔
فیصل رحمٰن نے سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں کبھی کسی سے محبت نہیں ہوئی، البتہ انہوں نے متعدد بار خواتین کے پروپوزل مسترد کیے۔
ان کے مطابق کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے خود سے نصف عمر لڑکی سے محبت کا پروپوزل مسترد کیا، کیوں کہ وہ لڑکی ان سے نصف عمر تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم کریں لیکن آج تک ان کی خواہش پوری نہیں ہوئی۔
اسی حوالے سے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی شدید خواہش رہی تھی کہ وہ پاکستانی اداکارہ انجم کے ساتھ فلم کریں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
فیصل رحمٰن کا کہنا تھا کہ انہیں انجم بہت پسند تھیں، اگرچہ وہ فربہ تھیں لیکن ان کا قد بڑا تھا، اس لیے وہ انہیں اچھی لگتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بھی فلموں میں کام کرتے رہے ہیں اور شوٹنگ کے دوران انہوں نے متعدد بار انجمن کو دیکھا اور سوچتے تھے کہ کاش کوئی انہیں ان کے ساتھ فلم میں کاسٹ کرے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
اسی شو میں اپنی صحت اور فٹنیس پر بات کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ جم جاتے ہیں، اس لیے فٹ ہیں، ان کا جسم کسی 20 سال کے لڑکے کی طرح ہے۔
انہوں نے اپنی اصل عمر بتانے سے گریز کرتے ہوئے ایک بار پھر بتایا کہ ان کی عمر زیادہ ہے لیکن ان کا دماغ اس سے بھی بڑا ہے، ان کا دماغ اور سوچ کسی 100 سالہ شخص کی طرح ہے۔
ان کے مطابق وہ بچپن سے ہی اسی ذہنیت کے مالک تھے، وہ خود کو عمر سے بڑا سمجھتے رہے ہیں، ان کا دماغ اور سوچ بہت وسیع اور عمر سے زیادہ ہے۔
فیصل رحمٰن نے اسی بات پر شکوہ کیا کہ وہ جب بتاتے ہیں کہ انہوں نے قائد اعظم سے ملاقات کی تھی تو لوگ ان کی بات پر یقین نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ان کی بات پر یقین نہیں کرتے تو وہ ایسے افراد کے لیے کیا کہ سکتے ہیں لیکن سچ یہی ہے کہ وہ انہوں نے قائد اعظم سے ملاقات کی تھی۔