بھارتی ویب سیریز میں کام کر رہی تھی، کشیدگی کی وجہ سے منصوبہ ختم ہوا، شیزل شوکت

شائع May 27, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل شیزل شوکت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک بھارتی ویب سیریز میں کام کر رہی تھیں کہ دونوں ممالک میں کشیدگی ہوگئی اور ان کا منصوبہ ختم ہوگیا۔

انہوں نے فواد خان کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بھی بنایا کہا کہ اگر وہ اُن کی جگہ ہوتیں تو بھارت کے معاملے پر خاموشی اختیار نہ کرتیں۔

حال ہی میں شیزل شوکت نے ایف ایچ ایم کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کئی اہم موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

شیزل شوکت نے انکشاف کیا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران، انہیں انسٹاگرام پر کئی بھارتی صارفین نے میسجز بھیجے جن میں پاکستانی طیاروں کی فوٹیجز کو گرانے کے بھارتی دعووں کو جھوٹا قرار دیا گیا۔

بولی وڈ میں کام کے سوال پر شیزل شوکت نے کہا کہ اگر انہیں وہاں موقع ملا تو وہ ضرور کام کریں گی لیکن ان کا مؤقف ہے کہ بھارت میں تبھی کام کریں گی جب وہاں انہیں عزت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اداکاری کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہیں تاکہ جب کسی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کام کرنے کا موقع ملے تو وہ بہترین انداز میں خود کو پیش کرسکیں۔

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی اور فنکاروں کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے شیزل شوکت کا کہنا تھا کہ اگر میں ان اداکاروں کی جگہ ہوتی اور بھارت میرے ساتھ ناانصافی کرتا تو میں ضرور آواز اٹھاتی۔

اداکارہ کے مطابق ہمیں یہ یقین رکھنا چاہیے کہ رزق اللہ دیتا ہے، بولی وڈ نہیں تو ہولی وڈ کا دروازہ بھی کھلا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری فطرت ہے کہ میں اپنے ملک کے خلاف کچھ نہیں سن سکتی اور مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ جو شخص اپنے ملک کا وفادار نہیں، وہ کسی اور کا بھی نہیں ہوسکتا۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ بھارت کی ایک ویب سیریز پر کام کر رہی تھیں، مگر پاک-بھارت تعلقات خراب ہونے کے باعث منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ انہوں نے ویب سیریز سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی، تاہم عندیہ دیا کہ مستقبل میں موقع ملنے پر وہ بولی وڈ میں کام کریں گی۔

شیزل شوکت کا کہنا تھا کہ وہ بولی وڈ فلم ’جب وی میٹ‘ کے کردار ’گیت‘ سے بہت متاثر ہیں، اور یہی کردار ان کے شوبز میں آنے کی بڑی وجہ بنا اور وہ جلد ہی اپنے نئے ڈرامے میں اس جیسا کردار ادا کرنے والی ہیں۔

پاکستانی ڈراموں کے معیار پر بات کرتے ہوئے شیزل شوکت نے کہا کہ ہمارے ناظرین زیادہ تر ساس بہو اور ایک مرد دو خواتین جیسے موضوعات دیکھنا چاہتے ہیں، تو ہم مختلف کہانیاں کیسے دکھائیں؟

ذاتی زندگی کے حوالے سے شیزل شوکت نے کہا کہ وہ ایک ایسے شخص کو اپنا ہمسفر بنانا چاہتی ہیں جو ایک اچھا انسان ہو، انہوں نے دبے الفاظ میں یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ اس وقت کسی کے ساتھ تعلق میں ہیں۔

رشتوں میں عزت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی رشتے میں عزت نہ ہو، تو بہتر ہے کہ الگ ہو جایا جائے، بجائے اس کے کہ بدلہ لینے کی سوچ اپنائی جائے۔

فلم گھبرانا نہیں ہے میں کیے گئے آئٹم سانگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے آج تک وہ گانا نہیں دیکھا کیونکہ وہ اسے پسند نہیں کرتے۔

معاشرے میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر تبصرہ کرتے ہوئے شیزل شوکت کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ انا ہے، آج کل تعلقات میں لوگ اپنے ہی پارٹنر سے حسد کرنے لگے ہیں، اور یہ عادت خاص طور پر مردوں میں زیادہ ہے۔

مزید برآں شیزل شوکت نے بتایا کہ وہ اس وقت اداکاری سے وقتی طور پر بریک لے رہی ہیں، جس کی ایک وجہ گرمی اور سیٹ پر سخت محنت ہے، جبکہ دوسری وجہ ان کی تعلیم ہے جس پر وہ مکمل توجہ دینا چاہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025