وزیراعظم شہبازشریف کا یوم تکبیرکے موقع پر پیغام
وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیرکے موقع پر پیغام دیا ہے کہ پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یومِ تکبیر کی مبارک باد۔
ڈان نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ27سال قبل آج ہی کے دن پاکستان مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنا، 6 سے 10 مئی کے معرکہ حق میں پاکستان فتح یاب ہوا، جنگ میں کامیابی نے قوم کے لیے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کے معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں، مشکلات کے باوجود مقصد کو پالینے کا جذبہ ہی پاکستان کی اصل قوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر قوم آزادی وخودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے، آج کے دن دنیا میں پاکستان کو اُس کا حقیقی مقام دلانے کا عہد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یوم تکبیر 28 مئی کو اس تاریخی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جب پاکستان ایٹمی طاقت بنا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، 1998 میں اس دن بلوچستان کے علاقے چاغی کی پہاڑیوں میں ایٹمی تجربات کیے تھے، جس کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا ہے۔