پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 27 برس مکمل، صدر، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

شائع May 28, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کو ایٹمی قوت بنے ہوئے 27 برس آج مکمل ہوگئے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے 28 مئی کو ’یوم تکبیر‘ کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتح مبین سے سرشار قوم کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے جو ملکی خود مختاری اور قومی سلامتی یقینی بناتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے قوم کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پر قوم کو دلی مبار کباد پیش کرتا ہوں، آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، آج کے دن ہم نے تذویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں، ایٹمی پروگرام سے منسلک سائنسدانوں، انجینئرز، سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا، ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بدلتی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں ہماری جوہری طاقت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، ایٹمی قوت ہماری خود مختاری اور قومی سلامتی کو یقینی بناتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پاکستان پر امن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، یومِ تکبیر پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو ’یومِ تکبیر‘ کی مبارکباد دی اور ایٹمی پروگرام کے معماروں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم دہرایا اور کہا کہ فتح مبین سے سرشار قوم کے لیے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خود مختاری کو چیلنج کیا تھا، نواز شریف نے 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس وقت نواز شریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف اقتصادی پابندیوں، دباؤ ،دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے، انہوں نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے، یہ ہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلاجواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔

وزیر اعظم نے جوہری پروگرام کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے پر قوم، سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے افواج پاکستان، قومی اداروں اور ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالنے والے معماروں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوہری اثاثوں کی بھرپور حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد، آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025