مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی قوم کو یوم تکبیر پر مبارکباد

شائع May 28, 2025
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قوم کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں — فائل فوٹو: فیس بک
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قوم کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں — فائل فوٹو: فیس بک

یومِ تکبیر کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یومِ تکبیر 1998 کے اُس تاریخی لمحے کی یاد دلاتا ہے، جب پاکستان نے ایٹمی قوت بن کر جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا اور اپنے خودمختار دفاع کے حق کو منوایا، یہ تاریخی کارنامہ قوم کے عزم، اتحاد اور باوقار و پرامن زندگی کے لیے انتھک جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت قومی امانت ہے، جو عوام کی اجتماعی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے، یومِ تکبیر کی یاد منانا اُن صاحبِ بصیرت قائدین کی دور اندیشی، ہمارے سائنسدانوں اور انجینئروں کی ذہانت، اور اُن تمام افراد کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آج کا دن پاکستان کے خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتا ہے، یہ ہمارے اس اصولی مؤقف کی توثیق ہے کہ قابلِ اعتبار کم سے کم دفاعی صلاحیت کے نظریے کے تحت ہم خطے میں امن اور اسٹریٹجک استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کے خلاف ہر قسم کے خطرات کا بھرپور دفاع کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہیں، بطور ذمہ دار محافظینِ وطن، ہم یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہماری جوہری صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور یہ امن کی ضامن ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئیے! اس دن کے موقع پر ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم چوکنا، متحد اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔

بیان کے مطابق مسلح افواج قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں، اُن قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے اس سنگِ میل کو ممکن بنایا، اور مضبوط، مستحکم اور خودانحصار پاکستان کی جانب سفر جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025