• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

اسپیس ایکس کا اسٹارشپ راکٹ ایک بار پھر تجرباتی پرواز کے دوران تباہ

شائع May 28, 2025
— ایلون مسک (ایکس)
— ایلون مسک (ایکس)

ایلون مسک کی خلائی تحقیقاتی کمپنی اسپیس ایکس کا اسٹارشپ راکٹ ایک اور آزمائشی پرواز کے دوران زمین کی فضا میں دوبارہ داخلے سے قبل بےقابو ہوکر تباہ ہوگیا، جبکہ اس کے پہلے مرحلے کا بوسٹر بھی مقررہ مقام پر لینڈنگ سے قبل دھماکے سے پھٹ گیا۔

اسپیس ایکس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 400 فٹ لمبا اسٹارشپ راکٹ منگل کی شام مقامی وقت کے مطابق 6 بجکر 36 منٹ پر ٹیکساس کے اسٹار بیس سے روانہ ہوا۔

راکٹ کو سب آربیٹل پر بھیجا گیا تھا اور اس کا مقصد آٹھ فرضی اسٹار لنک سیٹلائٹس کو خلا میں پہنچانا تھا، تاہم مشن مکمل ہونے سے قبل ہی راکٹ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ راکٹ کے بالائی حصے میں ایندھن کا رساؤ ہوا جس کے باعث وہ زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہونے سے پہلے بے قابو ہو کر گھومنے لگا اور پھر تیزی سے ٹوٹ کر بکھر گیا۔

اسپیس ایکس نے اس واقعے کو ’تیز اور غیر متوقع تباہی‘ قرار دیا، جو کمپنی کی اصطلاح میں ایسی ناکامیوں کے لیے استعمال ہوتی ہے جن سے سیکھنے کے مواقع میسر آئے۔

راکٹ کا پہلا حصہ، جسے سپر ہیوی بوسٹر کہا جاتا ہے، بحر ہند میں اپنی مجوزہ واپسی سے کچھ دیر قبل ہی پھٹ گیا۔ اس تباہی کے باوجود، اسپیس ایکس کے مطابق پرواز کے دوران متعدد اہم مراحل کامیابی سے مکمل ہوئے۔

ایلون مسک نے لانچ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’مین ٹینک میں دباؤ کی کمی کی وجہ سے مسئلہ پیش آیا، تاہم مشن سے بہت سا قیمتی ڈیٹا حاصل ہوا ہے جو آئندہ پروازوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹارشپ نے انجن بند کرنے کے مقررہ مرحلے تک کامیابی سے رسائی حاصل کی، جو کہ گزشتہ تجربات کے مقابلے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔ ساتھ ہی، راکٹ کی ہیٹ شیلڈ پر بھی کوئی نمایاں نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

یہ اسٹارشپ راکٹ کی نویں تجرباتی پرواز تھی۔ قبل ازیں ہونے والی دو آزمائشی پروازیں صرف 10 منٹ بعد ناکام ہوگئی تھیں، جب کہ اسپیس ایکس نے ماضی میں راکٹ کو کامیابی سے خلا میں بھیجنے اور پھر اسے سمندر میں گرا دینے میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔

اس کے علاوہ کمپنی ماضی میں راکٹ کے قابلِ استعمال بوسٹر کو زمین پر واپس لاکر دیوہیکل روبوٹ بازوؤں کی مدد سے پکڑنے کا مظاہرہ بھی کرچکی ہے۔

اگرچہ موجودہ پرواز اپنی مکمل کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکی، تاہم اسپیس ایکس کے مطابق ہر ناکامی سیکھنے اور آگے بڑھنے کا ایک نیا موقع فراہم کرتی ہے، ٹیمیں حاصل شدہ ڈیٹا کا جائزہ لے کر اگلے تجربے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025