امیر کے حکم کےخلاف کسی بھی ملک میں لڑنا جائز نہیں، افغان طالبان کا فتنۃ الخوارج کو انتباہ

شائع May 28, 2025
— فوٹو: طلوع نیوز
— فوٹو: طلوع نیوز

افغان طالبان نے فتنۃ الخوارج کو متنبہ کیا ہے کہ امیر کے حکم کے خلاف پاکستان میں لڑنا جائز نہیں، بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں، جہاد کی اجازت دینا کسی فرد یا گروہ نہیں صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے، ریاستی قیادت کے حکم کے باوجود پاکستان جانا دینی نافرمانی ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی‘ کے مطابق کابل پولیس ہیڈکوارٹرز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان کے کمانڈر سعیداللہ سعید نے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث فتنۃ الخوارج کو متنبہ کیا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک میں لڑنا جائز نہیں، مختلف گروہوں میں شامل ہوکر بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے، جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے کسی گروہ یا فرد کا نہیں، اگر ریاستی قیادت کسی ملک نہ جانے کا حکم دے چکی ہے تو اس کے باوجود جانا دینی نافرمانی ہے۔

کمانڈر سعید اللہ سعید نے کہا کہ اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، جہاد کے نام پر حملے کرنے والے گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ بیان پاکستان کی داخلی سلامتی، بیانیے اور عالمی سطح پر سفارتی مؤقف کو مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسیز اور بھارتی ایما پر فتنۃ الخوارج کا نام نہاد جہاد دراصل شریعت، ریاست اور امن کے خلاف دہشت گردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025