سعودی حکومت کا کال سینٹر اب اردو سمیت دیگر زبانوں میں حاجیوں کی معاونت کرے گا
سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہیلتھ کال سینٹر (937) اب حاجیوں کے لیے 24 گھنٹے مختلف زبانوں میں خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں اردو بھی شامل ہے۔
حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے اور ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں جب کہ پاکستان کو سعودی حکومت کی جانب سے حج کا ایک بڑا کوٹہ دیا جاتا ہے۔
سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ہیلتھ کال سینٹر حج کے دوران مملکت میں صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ’یہ سینٹر صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانے، طبی رہنمائی فراہم کرنے، اور ہنگامی صورتحال میں بروقت ردِعمل کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے‘۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ کال سینٹر 24 گھنٹے دستیاب ہے اور طبی مشاورت، ہنگامی امداد، شکایات کا اندراج، صحت کی سہولیات تک رسائی کے حوالے سے رہنمائی، اور لاپتا یا ہسپتال میں داخل حاجیوں کا سراغ لگانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ کال سینٹر 7 بڑی زبانوں میں معاونت فراہم کرتا ہے جن میں اردو، عربی، انگریزی، فرانسیسی، انڈونیشین، فارسی، اور ترکی شامل ہیں۔
سعودی وزارت صحت نے تمام حاجیوں سے اس کال سینٹر کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ ہر قسم کی طبی ایمرجنسی اور معلوماتی درخواستوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تمام اقدامات ایک جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ’ہر حاجی کی صحت، سلامتی اور عزت کو مقدس سفر کے دوران یقینی بنانا ہے‘۔
گزشتہ ہفتے، وزارت صحت نے حاجیوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے ایک آگاہی کٹ جاری کی تھی، جس کا اردو ورژن بھی شامل تھا۔
سعودی وزارت صحت نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ کٹ 8 زبانوں میں دستیاب ہے۔
مزید کہا ’ہم تمام زبانوں میں حاجیوں کی صحت کا خیال رکھتے ہیں، صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے اس آگاہی کٹ کو دریافت کریں‘۔
یہ کٹ حاجیوں کے لیے ضروری معلومات پر مشتمل ہے جن میں گرمی سے بچاؤ اور شدید حالات میں صحت کا تحفظ، لازمی ویکسینز ، دائمی امراض کا انتظام، اور حج کے دوران مفت طبی سہولیات تک رسائی شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی