• KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am
  • KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am

سوال پرانا ہوچکا، شاہ رخ خان کے ساتھ کام کے سوال پر ماہرہ خان کا ردعمل

شائع May 29, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

اداکارہ ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق سوال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سوال اب پرانا ہوچکا ہے۔

ماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’لو گُرو‘ کی بین الاقوامی تشہیر میں مصروف ہیں، گزشتہ روز انہیں دبئی میں فلم کی پروموشن کرتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران ان سے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ آپ نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا ہے، بولی وڈ کا تجربہ رکھتی ہیں اور ’لو گُرو‘ بھی بہت خوبصورتی سے فلمائی گئی ہے، کیا اب ہم تکنیکی اعتبار سے ایک ہی سطح پر آچکے ہیں؟

ماہرہ خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ تو بہت پرانی بات ہے، آپ کو مجھ سے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے بارے میں پوچھنا چاہیے تھا، مولا جٹ کی پروڈکشن کا معیار برصغیر میں بے مثال تھا اور یہ فلم کسی بھی بین الاقوامی پروجیکشن سے کم نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک ٹیکنالوجی کا تعلق ہے، ہم دن بہ دن بہتر ہو رہے ہیں، میرا نہیں خیال کہ کوئی موازنہ ہونا چاہیے اور آپ کو لو گُرو کی ویژولز اور ساؤنڈ بھی بہت پسند آئیں گے۔

ماہرہ خان نے اس موقع پر پاکستانی فلم انڈسٹری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انڈسٹری تکنیکی اور تخلیقی دونوں لحاظ سے ترقی کررہی ہے اور بین الاقوامی معیار کی فلمیں بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی نئی فلم لو گُرو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

یہ فلم دونوں اداکاروں کی تقریباً تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کا ذریعہ بھی بنے گی۔

فلم کا ٹریلر اگرچہ پوری کہانی ظاہر نہیں کرتا، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ ہمایوں سعید ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئیں گے، جو بعد میں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی طرف سے ملنے والی ایک اہم ذمہ داری کے بعد سچی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ کی شوقین لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جبکہ ہمایوں سعید کو مختلف لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسانے والے کردار میں پیش کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے، ہدایتکاری ندیم بیگ نے کی ہے اور پروڈکشن ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے کی ہے۔

لو گُرو کو اے آر وائے فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتون اور پنجابی تڑکے والی مزاح بھی دیکھنے اور سننے کو ملے گی۔

کارٹون

کارٹون : 12 جون 2025
کارٹون : 11 جون 2025