پیار پانچ بار بھی ہوسکتا ہے، ہمایوں سعید
آنے والی رومانوی فلم ’لو گُرُو‘ میں دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آنے والے ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ پیار پانچ بار بھی ہوسکتا ہے۔
ہمایوں سعید اور ماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’لو گُرُو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، انہوں نے امریکا اور برطانیہ کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی فلم کی تشہیر کی۔
فلم کی تشہیر کے لیے بین الاقوامی ٹور سے قبل دونوں نے کراچی میں بھی تشہیری پروگرامات میں شرکت کی تھی، جس دوران انہوں نے مختلف یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز سے بھی بات کی۔
کراچی میں ہی فلم کی تشہیر کے دوران ٹک ٹاکر کشف علی سے بات کے دوران ہمایوں سعید نے کہا کہ پیار پانچ بار بھی ہوسکتا ہے۔
تشہیری تقریب کے دوران ٹک ٹاکر نے ہمایوں سعید سے سوال کیا کہ کیا پیار دوبارہ بھی ہوسکتا ہے؟
اس پر اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پیار دو بار کیا بلکہ چار اور پانچ بار بھی ہوسکتا ہے۔
بعد ازاں ٹک ٹاکر نے یہی سوال ماہرہ خان سے کیا اور پوچھا کہ کیا وہ ہمایوں سعید کی بات سے متفق ہیں؟
اس پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پیار دوبارہ بھی ہوسکتا ہے لیکن دوبارہ پیار ہونے کی بھی شرط ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جب ایک بار کسی سے پیار ہوجائے تو اس دوران دوسری بار کسی دوسرے سے پیار نہیں کرنا چاہیے۔
ہمایوں سعید کی جانب سے پانچ بار پیار ہوجانے کی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
اداکار آنے والی فلم ’لو گُرُو‘ میں بھی متعدد خواتین سے عشق کرتے دکھائی دیں گے، تاہم فلم کی کہانی اس وقت دلچسپ صورت حال اختیار کرلیتی ہے جب ان کی زندگی میں ماہرہ خان آتی ہیں۔
فلم کو عید الاضحیٰ سے ایک روز قبل 6 جون کو ریلیز کیا جائے گا، اس کا باکس آفس پر مقابلہ ہارر فلم ’دیمک‘ سے ہوگا۔