جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ
اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران مزید 3 گواہان کی شہادت ریکارڈ کی گئی، دوران سماعت عمران خان و دیگر ملزمان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
دوران سماعت 3 گواہان کانسٹیبل ظفر قیوم، محرر تھانہ آر اے بازار محمد منشی اور محرر عمران کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔
مقدمے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد ریاض کی جزوی شہادت ریکارڈ کی گئی جبکہ مقدمہ میں مجموعی طور پر 31 گواہان کی شہادت ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔
سماعت کے دوران مال مقدمہ بھی کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔
آئندہ سماعت پر مزید گواہان کی شہادت قلمبند کی جائے گی، جن کی طلبی کے لیے نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔
آج سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان، عثمان ڈار،صداقت عباسی سمیت متعدد ملزمان کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
پس منظر
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔