• KHI: Partly Cloudy 23.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 23.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.8°C

خانیوال اسٹیشن پر مسافر پُل کا ایک حصہ اچانک گر گیا، ایک ملازم جاں بحق، خاتون زخمی

شائع May 30, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

خانیوال اسٹیشن پر مسافر پُل کا ایک حصہ اچانک گر گیا جس کے باعث ایک ریلوے ملازم شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے 3 افسران کو معطل کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق خانیوال ریلوے اسٹیشن پر پُل کا حصہ گرنے سے ایک ریلوے ملازم جاں بحق اور مسافر خاتون زخمی ہوگئی، ریسکیو کے مطابق ریلوے ملازم کی شناخت اکرم کے نام سے ہوئی جبکہ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی، لاش اور زخمی خاتون کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ خانیوال اسٹیشن پر امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے اور تعمیر کا کام آج سے شروع ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 3 افسران معطل کردیے، وزیر ریلوے نے گریڈ 18 کے ڈویژنل انجینئر عابد رزاق، گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجینئر راجا یوسف اور گریڈ 16 کے انسپکٹر برِج ملتان محمد عادل کو معطل کردیا۔

حنیف عباسی نے معاملے پر اظہارِ افسوس کیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

محکمہ ریلوے نے سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 مارچ 2026
کارٹون : 23 مارچ 2026