ڈیجیٹل کرنسی ریگولیشنز کیلئے پاکستان کرپٹو کونسل کا اعلیٰ سطح اجلاس 2 جون کو طلب
ڈیجیٹل کرنسی کے ریگولیشنز پرپاکستان کرپٹو کونسل کا اعلیٰ سطح اجلاس 2 جون کو طلب کرلیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اجلاس کی صدارت کریں گے-بلال بن ثاقب بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کرپٹو کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے-
ڈان نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کا اجلاس ایک اسٹریٹجک فورم کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی اور کرپٹو کے وسیع تر منظرنامے سے متعلق ضوابط اور قانونی فریم ورک پر غور کیا جا سکے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سیکریٹری قانون و انصاف اور سیکریٹری آئی ٹی اجلاس میں شرکت کریں گے-
ایجنڈے کے اہم نکات میں پاکستان میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لیے ایک مضبوط ضابطہ جاتی فریم ورک کی تیاری شامل ہے، جو عالمی معیارات اور تکنیکی ترقی کے مطابق ہوگی، اس ضمن میں ایک اہم موضوع ’پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی‘ کے قیام کی ابتدائی تیاری ہے جو ایک مجوزہ خودمختار ادارہ ہوگا اور ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو ماحولیاتی نظام کی نگرانی کرے گا-
اعلامیے کے مطابق کونسل کا مقصد ایک محفوظ، شفاف اور ضابطہ جاتی ماحول کی بنیاد رکھنا ہے تاکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کو ذمہ دارانہ طریقے سے اپنانے،سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مالی شمولیت کو فروغ دیاجا سکے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اجلاس حکومت کی اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ایک مستقبل سے ہم آہنگ مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے تاکہ ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں استحکام اور ضابطہ کاری کو بھی یقینی بنایاجائے۔