بولی وڈ انڈسٹری گندی ہے، شادی کے بعد بھی کاسٹنگ کاؤچ کا نشانہ بنی، سروین چاولہ
مقبول بھارتی اداکارہ سروین چاولہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کے پول کھولتے ہوئے ایک بار پھر انکشاف کیا ہے کہ انہیں شادی کے بعد بھی کاسٹنگ کاؤچ (کام کے بدلے سیکس) کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق حال ہی میں سروین چاولہ نے انٹرویو میں ایک بار پھر فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کے رجحان پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کو گندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں شادی سے قبل تو نشانہ بنایا جاتا تھا لیکن شادی کے بعد بھی انہیں نشانہ بنانے کا سلسلہ نہ رکا۔
سروین چاولہ کے مطابق شادی کے بعد بھی متعدد بار انہیں ہدایت کار اور پروڈیوسرز نے کاسٹنگ کاؤچ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے ہر بار دلیری سے کام لیا۔
انہوں نے نام لیے بغیر ایک ہدایت کار کا قصہ سنایا کہ انہوں نے انٹرویو کے لیے دفتر میں بلانے کے بعد زبردستی انہیں بوسہ دینے کی کوشش کی۔
اداکارہ کے مطابق شادی کے بعد جب ہدایت کار نے نئی فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے دفتر بلایا تو فلم ساز نے ان سے شوہر کے ساتھ قربت سے متعلق نامناسب سوالات کرنا شروع کیے۔
سروین چاولہ کا کہنا تھا کہ ہدایت کار پوچھتے رہے کہ ان کے شوہر کے ساتھ قربت کے تعلقات کیسے ہیں؟ شوہر ان کے ساتھ کیسے قربت کرتے ہیں، جس پر انہیں فلم ساز کے سوالوں پر غصہ آگیا اور وہ وہاں سے اٹھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہاں سے اٹھنے کے بعد ہدایت کار ان کے پیچھے دوڑتے آئے اور دروازے پر انہیں زبردستی بوسہ دینے کی کوشش بھی کی۔
سروین چاولہ نے تامل فلم انڈسٹری کے بھی پول کھولے اور بتایا کہ ایک فلم ساز نے انہیں فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے بلایا، جس دوران انہوں نے ان سے نامناسب مطالبہ کردیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم ساز کو ہندی نہیں آتی تھی، نہ وہ انگریزی سمجھتے تھے، اس لیے انہوں نے ایک ترجمہ ساز کی خدمات لیں، جنہوں نے اداکارہ کو بتایا کہ فلم ساز اداکارہ کے ساتھ سونا چاہتے ہیں، جس پر اداکارہ کو غصہ آگیا اور وہ دفتر سے باہر نکل آئیں۔
سروین چاولہ ماضی میں بھی کاسٹنگ کاؤچ اور بھارتی فلم انڈسٹری کے مکروہ چہرے کو عیاں کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ انہیں کیریئر کے دوران متعدد بار کاسٹنگ کاؤچ سمیت نامناسب واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ ماضی میں بھی بتا چکی ہیں کہ انہیں کاسٹ کرنے کے بعد بعض فلم سازوں نے ان کی چھاتی جب کہ بعض نے انڈرویئر دیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
سروین چاولہ کے علاوہ دیگر اداکارائیں بھی بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کے بدلے سیکس یعنی کاسٹنگ کاؤچ کی روایت موجود ہونے کا انکشاف کر چکی ہیں۔