اداکاری چھوڑنے کی افواہوں پر سونیا حسین کی وضاحت
اداکارہ سونیا حسین نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اداکاری چھوڑی ہے، نہ چھوڑنے کا ارادہ ہے، البتہ اداکاری کم کردی ہے۔
چند دن قبل سونیا حسین نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ شادی کے بعد اگر انہیں شوہر شوبز میں کام کی اجازت نہیں دیں گے تو وہ اداکاری چھوڑ دیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ویسے بھی وہ اب پروڈکشن کر رہی ہیں، اس لیے ان کا زیادہ عرصے تک اداکاری کرنے کا ارادہ نہیں۔
اداکارہ کے مذکورہ انٹرویو کے بعد چہ مگوئیاں پھیل گئیں کہ سونیا حسین نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، جس پر اب اداکارہ نے وضاحت دے دی۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر کو دیے گئے انٹرویو میں سونیا حسین نے پروڈکشن اور ایکٹنگ میں فرق پر بھی بات کی اور بتایا کہ پروڈکشن زیادہ بہتر کام ہوتا ہے۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی ہارر فلم ’دیمک‘ پر بھی بات کی اور کہا کہ فلم کی تقریبا تمام ٹیم سینئرز پر مشتمل ہے، جس وجہ سے فلم پر اچھی طرح کام ہوا ہے۔
سونیا حسین نے واضح کیا کہ انہوں نے فلم میں ’چڑیل‘ کا کردار ادا نہیں کیا، تاہم ان کا کردار کچھ منفی ضرور ہے۔
اداکاری چھوڑنے کے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے اداکاری چھوڑی ہے، نہ چھوڑنے کا ارادہ ہے، البتہ انہوں نے اداکاری کم کردی ہے۔
سونیا حسین کے مطابق چوں کہ انہوں نے پروڈکشن میں قدم رکھ دیا ہے، اس لیے انہوں نے کچھ وقت کے لیے اداکاری کم کی ہے، انہوں نے اداکاری کو خیرباد نہیں کہا۔