پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں بنگلہ دیش کو شکست دیکر سیریز جیت لی
ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست سے دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا مگر بنگلہ دیشی ٹیم 144 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 37 رنز سے ہرا دیا تھا۔
پاکستان کی بیٹنگ
قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا، اور اسے ابتدا میں اس وقت پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب صائم ایوب صرف چار رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب کےآؤٹ ہونےکے بعد ان فارم بیٹر ز صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔
صاحبزادہ فرحان نے چھ بلند وبالا چھکوں اور چار چوکوں سے مزین 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، وہ رشاد حسین کی گیند پر وکٹ کیپ لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
Farhan launches it high - the fielder's under it, but it lands beyond the boundary for SIX! 🔥🎯#PAKvBAN | #ClashOfGreen pic.twitter.com/1jEcK1e2Qe
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 30, 2025
ان کے بعد جلد ہی محمد حارث بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 25 گیندیں کھیل کر 41 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کپتان سلمان آغا آؤٹ ہونے والے اگلے بیٹر تھے جنہیں حسن محمود نے 19 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
آل راؤنڈر شاداب پچھلے میچ کے برعکس اس میچ میں اپنا جادو نہ جگا سکے اور محض سات رنز بناکر حسن محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
تاہم دوسرے اینڈ سے حسن نواز کی برق رفتار اننگز جاری رہی اور انہوں نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے محض 25 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
Hasan Nawaz sends it flying into the crowd! MASSIVE SIX😱#PAKvBAN | #ClashOfGreen pic.twitter.com/hxBLDweNaR
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 30, 2025
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ رشاد حسین کے حصے میں آئی۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹر اننگز کے آغاز ہی سے دباؤ میں نظر آئے اور اوپنر تنزید حسین اور ٹیل اینڈر تنظیم حسن کے سوا کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا، بنگلا دیش کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔
اوپنر تنزید حسین نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے، وقفے وقفے سےبنگلادیشی بیٹرز کی وکٹیں گرتی رہیں۔
آخری لمحات میں آل راؤنڈر تنظیم حسن نے مزاحمت کی، انہوں نے 31 گیندوں پر ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے نصف سینچری اسکور کی، مگر ان کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلادیشن کی اننگز 144 رنز پر سمٹ گئی، تنظم حسن نے 50 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قومی اسکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، محمد حارث ، حسن نواز، شاداب خان ، خوشدل شاہ ، فہیم اشرف ، حسن علی ، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں
بنگلہ دیش اسکواڈ
لٹن داس ( کپتان )، تنزید حسن، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، ذاکر علی ( وکٹ کیپر)، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود، شریف الاسلام