’لو گُرُو‘ کے پشتو گانے ’سدا اشنا‘ کی دھوم
ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کے پشتو گانے ’سدا اشنا‘ کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور شائقین نے گانے کی تعریفیں بھی کیں۔
مختصر دورانیے کے گانے کی ویڈیو میں ماہرہ خان کو روایتی سرخ عروسی لباس جب کہ ہمایوں سعید کی سیاہ لباس میں دکھایا گیا ہے۔
دونوں سپر اسٹارز کے ساتھ احمد علی بٹ بھی پشتو کے روایتی گانے پر رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
پشتو روایتی دن پر ترتیب دیے گانے پر ماہرہ خان کے رقص کی شائقین نے تعریفیں کیں جب کہ مداحوں نے احمد علی بٹ اور ہمایوں سعید کے ڈانس کو بھی سراہا۔
گانے کی موسیقی جنید کامران صدیقی اور شانی ارشد نے مشترکہ طور پر ترتیب دی ہے جب کہ اس کی کمپوزیشن جنید کامران نے ترتیب دی ہے اور اس کے بول بھی انہوں نے ہی لکھے ہیں۔
’سدا اشنا‘ سے قبل 26 مئی کو ’لو گُرُو‘ کا رومانوی گانا ’بے خبریاں‘ ریلیز کیا گیا تھا، جسے شیراز اپل اور نرمل رائے نے گایا تھا۔
’بے خبریاں‘ سے قبل فلم کا ٹائٹل گانا ’دل توڑن والیا‘ ریلیز کیا گیا تھا جب کہ اس سے قبل فلم کا گانا ’آ تینوں موج کراواں‘ جاری کیا گیا تھا۔
فلم کے جاری کیے گئے اب تک کے تمام گانوں کو شائقین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے جب کہ فلم کے ٹریلر کو بھی شائقین نے سراہا تھا۔
’لو گُرُو‘ کو عید الاضحیٰ سے ایک دن قبل 6 جون کو ریلیز کیا جائے گا، اس کے ساتھ فیصل قریشی اور سونیا حسین کی فلم ’دیمک‘ بھی سینماؤں کی زینت بنے گی۔