کوئٹہ کے نواحی علاقے میں بم دھماکا، قبائلی رہنما بھائی سمیت جاں بحق

شائع May 31, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک کلی منگل میں مسلح افراد نے کوئلے کی کان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما بھائی سمیت جاں بحق، جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے، کان میں سامان بھی نذر آتش کر دیا گیا۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ہنہ اوڑک پولیس تھانہ نوید اختر نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک کلی منگل میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2 سگے بھائی جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کا ہدف قبائلی شخصیت سردار عبدالسلام تھے، جو کاروباری شخصیت اور کوئلہ کان کے مالک بتائے جاتے ہیں، جس سے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم نے بھتہ طلب کیا تھا۔

انہوں نے اس سے متعلق پولیس تھانے میں درخواست بھی جمع کرائی تھی، اور بھتہ نہ دینے پر قبائلی رہنما کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔

ایس ایچ او نوید اختر نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 100 سے زائد تھی اور وہ جدید اسلحے سے لیس تھے جنہوں نے قبائلی شخص کے کان پر حملہ کیا اور قبائلی رہنماء کے پہنچنے پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مسلح افراد کی جانب سے کوئلہ کان کے اطراف میں بم بھی نصب کیا تھا جس کے دھماکے میں جانی نقصان ہوا واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ترجمان محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ ہنہ اوڑک دھماکے کے زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025