بیرون ملک نئے پریس افسران کی تعیناتیوں کی راہ ہموار، رولز کا نوٹیفکیشن جاری

شائع May 31, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

بیرون ملک نئے پریس افسران کی تعیناتیوں کی راہ ہموار ہوگئی، وزیراعظم کی منظوری سے وزارت اطلاعات و نشریات نے بیرون ملک پریس افسران کی تعیناتیوں کے لیے رولز کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

وزیراعظم نے تعیناتیوں کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانےکے احکامات دیے، رولزکا اطلاق پریس اتاشیوں، پریس قونصلرز اور منسٹر پریس کی تعیناتیوں پر ہوگا، اس وقت خالی اور اگلے 6 ماہ میں ممکنہ طورپر خالی ہونے والی آسامیوں کے لیے تعیناتیوں کا عمل شروع کیاجائے گا، امیدوارکےانٹرویوز ہوں گے تاہم تحریری امتحان نہیں لیاجائےگا

تفصیلات کے مطابق رولزکو انفارمیشن گروپ پوسٹنگ ایبراڈرولز 2025 کا نام دیا گیا ہے، رولز کےمطابق وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کی سربراہی میں اسپیشل سلیکشن بورڈ امیدواروں کا انٹرویو لےگا، امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ جوائنٹ سیکریٹری کی سربراہی میں اسکروٹنی کمیٹی کرے گی۔

اسپیشل سلیکشن بورڈ کے پاس 40 فیصد اور اسکروٹنی کمیٹی کے پاس 60 فیصد تک نمبرز کا اختیار ہوگا، رولز کے مطابق گزشتہ 5 سال میں کارکردگی جائزہ رپورٹس ایوریج یا ایڈورس ہونے والےافسران تعیناتیوں کے لیےاہل نہیں ہوں گے اور اگلے 2 سال میں پروموشن زون میں ہونے والے افسران تعیناتیوں کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

اسی طرح 4سال کے اندر ریٹائر ہونے والے افسران کی تعیناتیوں پر بھی غور نہیں کیاجائےگا جبکہ گزشتہ کسی بھی بیرون ملک تعیناتی کے بعد پاکستان میں3 سال کاقیام اور پریس اتاشیوں کے لیے گریڈ 18میں کم سےکم 3 سال کی ریگولر سروس اہلیت کے لیےشرط ہوگی۔

جو 2 فارن پوسٹنگ کاٹ چکے، وہ تمام افسران تعیناتیوں کےلیے اہل نہیں ہوں گے، جن افسران کےخلاف انضباطی کارروائی زیرالتوا ہے یا تحقیقات ہو رہی ہیں وہ بھی پریس افسران کی تعیناتیوں کے لیےاہل نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ بیرون ملک 8 پریس افسران کی مدت کئی ماہ پہلے مکمل ہوچکی ہے، گریڈ 19 کے 4 پریس قونصلرز کی مدت اکتوبر 2024 اور گریڈ 18 کے 4 پریس اتاشیوں کی مدت جولائی 2024 سے مکمل ہونا شروع ہوئی تھی۔

ماسکو میں پریس قونصلر کی جانب سے عہدہ چھوڑنےکے بعدآسامی خالی ہے، تاہم باقی ماندہ7 پریس افسران نے3 سالہ مدت مکمل ہونے پر اپنے اپنے عہدے نہیں چھوڑے،یہ پریس افسران نئی تعیناتیوں تک عہدوں پر برقرار رہیں گے

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025