• KHI: Partly Cloudy 27.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.3°C
  • ISB: Clear 24.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.3°C
  • ISB: Clear 24.5°C

حکومت پنجاب کا عوامی تحفظ کیلئے اہم فیصلہ، عید الاضحیٰ پر عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی

شائع June 1, 2025 اپ ڈیٹ June 1, 2025 01:32pm
—فائل فوٹو: دی نیوز
—فائل فوٹو: دی نیوز

حکومت پنجاب نے عید الاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب میں عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، پارکس میں مستقل نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا، اس سلسلے میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی جاچکی ہے تاکہ وہ یقینی بنائیں کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترتا ہو۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ تصدیق کرے گی کہ مستقل نصب جھولے تمام حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کررہے ہیں اور ان جھولوں پر پابندی نہیں لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کیونکہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں شہریوں، خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد مکینیکل جھولوں کا استعمال کرتی ہے، عارضی نصب جھولے حفاظتی پروٹوکولز کی پابندی نہیں کرتے اور اوورلوڈنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی ہوگی اور پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026